بنگلادیشی کپتان تمیم اقبال کا اپنے کیرئیر سے متعلق اہم اعلان

بنگلادیش کی ون ڈے انٹرنیشنل ٹیم کے کپتان نے افغانستان سے شکست کے ایک روز بعد آبدیدہ آنکھوں کے ساتھ ایک جذباتی پریس کانفرنس میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔
چٹاگانگ میں پریس کانفرنس کے دوران اپنے ساتھی کھلاڑیوں، کوچز، مداحوں اور وہاں موجود صحافیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے تمیم اقبال کا کہنا تھا کہ یہاں میرے سفر کا اختتام ہوتا ہے، میں نے بہترین کھیل پیش کرنے کی کوشش کی، اور اپنا بہترین کرتا رہا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز افغانستان سے ہونے والا میچ میرا آخری میچ تھا اور میں ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتا ہوں۔
تمیم اقبال کا کہنا تھا کہ میرے سفر کا یہاں اختتام ہوتا ہے اس لیے مجھ سے کیوں کیوں کے سوال مت کیجیے گا کیونکہ میں ہمیشہ کہتا ہوں کہ ٹیم کسی بھی فرد سے کہیں زیادہ بڑی ہے اس لیے اپنی توجہ ٹیم پر رکھیے گا۔
تمیم اقبال نے 2007 میں ویسٹ انڈیز میں ہونے والے ورلڈ کپ کے دوران بھارت کے خلاف ایک یادگار میچ وننگ ففٹی سے اپنا انٹرنیشنل کرکٹ کیرئیر شروع کیا، اپنے کیرئیر میں انہوں نے 8 ہزار 3 سو 13 رنز اسکور کیے جبکہ اپنی ٹیم کیلئے 14 سینچری اسکور کیں۔
