وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کا کل پاکستان میں عید الفطرکا اعلان

وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے مطابق کل پاکستان میں عید الفطر ہوگی، کل چاند کی پیدائش ہوچکی، آج غروب آفتاب کے بعد سانگھڑ، بدین اور ٹھٹھہ میں دیکھا جا سکے گا۔
وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا مشکلات پر قابو پانا ہی زندگی ہے، انشااللہ مشکل وقت سے نکلیں گے، مذہبی تہواروں کو یکجہتی کی وجہ بننا چاہیئے، رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ہمیشہ سے تنازع کا شکار رہا، ریاست فرقہ واریت سے بالاتر ہوتی ہے، دنیا میں چاند دیکھنا اب کوئی مسئلہ نہیں رہا، آئندہ چند سالوں میں لوگ عید چاند پر بھی کرسکیں گے، سائنس کی ترقی سے چاند دیکھنے کا عمل آسان ہوگیا۔فواد چودھری کا کہنا تھا اسلام ہمیں علم حاصل کرنے کی جستجو کی تعلیم دیتا ہے، چاند کو زمین کے گرد چکر مکمل کرنے میں 29 دن سے کچھ زیادہ لگتا ہے، سورج کی روشنی میں چاند نظر نہیں آتا، سورج غروب ہونے اور چاند نکلنے میں 38 منٹ کا فرق ہونا چاہیے، چاند کی اونچائی 6.5 ڈگری ہونی چاہیے، چاند نظر آنے کا کم سے کم زاویہ 9 ڈگری کا ہونا چاہیے، 22 مئی کی رات 10 بجکر 39 منٹ پر شوال کے چاند کی پیدائش ہوچکی ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا سانگھڑ، بدین، ٹھٹھہ، جیوانی، پسنی میں چاند 7 بجکر 36 منٹ سے 8 بجکر 14 منٹ تک دیکھا جاسکتا ہے، سانگھڑ، بدین، ٹھٹھہ، جیوانی، پسنی میں چاند کی عمر 20 گھنٹے ہوگی، پشاور میں آج بھی چاند نظر آنے کا امکان نہیں، ہم نے تجاویز وزیراعظم آفس کو بھجوا دی ہیں، جو وزیراعظم فیصلہ کریں گے ہم فالو کریں گے، آج غروب آفتاب کے بعد دوربین سے چاند واضح نظر آجائے گا۔
دوسری طرف شوال 1441 ہجری کا چاند دیکھنے کے لئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج کراچی میں ہوگا۔عید الفطر کا چاند دیکھنے کے لئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج کراچی میں میٹ کمپلیکس میں ہوگا۔ اجلاس کی صدارت کمیٹی چیئرمین مُفتی منیب الرحمان کریں گے۔چاند کی رویت کا شرعی فیصلہ ملک بھر سے ملنے والی شہادتوں کو مدنظر رکھ کر کیا جائے گا۔ جب کہ چاند نظر آنے یا نہ آنے کا اعلان مُفتی منیب الرحمان کریں گے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج چاند نظر آنے کے معمولی امکانات ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button