وزیراعظم ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس میں شرکت کیلئے ڈیوس روانہ

وزیراعظم عمران خان ورلڈ اکنامک فورم میں شرکت کیلئے ڈیوس روانہ ہوگئے، فورم میں معاشی، جیو پولیٹیکل اور ماحولیاتی موضوعات پرتبادلہ خیال ہوگا اور وزیراعظم عالمی اقتصادی فورم کی خصوصی نشست سےخطاب کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے ہمراہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد، معاون خصوصی برائے بیرون ملک مقیم پاکستانی ذوالفقار عباس بخاری اور معاون خصوصی برائے قومی سکیورٹی ڈویژن معید یوسف ہیں۔
اس کے علاوہ مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ اور بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کے سفیر علی جہانگیر صدیقی ڈیوس میں وزیراعظم کے ساتھ شریک ہوں گے۔
دورے کے 2 اہم نکات ہیں، جس میں وزیراعظم عمران خان کا عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی سیشن سے اہم خطاب اور سی ای اوز اور کارپوریٹ لیڈرز کے ساتھ پاکستان اسٹریٹجی ڈائیلاگ پر بات چیت کرنا ہے۔
اجلاس کی سائڈ لائن پر وزیراعظم عمران خان، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ساتھ مختلف عالمی رہنماؤں کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔
اس کے علاوہ کارپوریٹ، بزنس، ٹیکنالوجی اور فنانس ایگزیکٹو اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے نمائندوں کے ساتھ مختلف ملاقاتیں بھی شیڈول ہیں۔عمران خان فورم کے بین الاقوامی میڈیا کونسل کے سیشن کے دوران عالمی میڈیا کی سینئر شخصیات اور ایڈیٹرز سے بھی خطاب کریں گے۔
وزیر اعظم عمران خان، فورم کے بانی اور ایگزیکٹو چیئرمین پروفیسر کلاؤس شواب کی دعوت پر ڈیوس گئے ہیں۔
واضح رہے کہ 50 ویں سالگرہ کے موقع پر منعقد ہو نے والے رواں برس کے اجلاس کا موضوع ’اسٹیک ہولڈرز برائے مربوط و پائیدار دنیا‘ رکھا گیا ہے۔
فورم سے سیاسی رہنما، بزنس ایگزیکٹوز، بین الاقوامی اداروں کے سربراہان اور سول سوسائٹی کے نمائندے عصر حاضر کے اقتصادی، جیو پولیٹیکل، سماجی اور ماحولیاتی مسائل پر تبادلہ خیال کریں گے۔
