وزیراعظم کی ایکسپورٹ بورڈ کو مہینے میں تین اجلاس بلانے کی ہدایت

رواں مالی سال کے لیے 31 ارب 12 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کا برآمدی ہدف حاصل کرنے کے لیے وزیراعظم عمران خان نے نو تشکیل شدہ نیشنل ایکسپورٹ ڈیولپمنٹ بورڈ (این ای ڈی بی) کو ایک ماہ میں تین مرتبہ ملاقات کرنے اور برآمدی صنعت کو درپیش تمام مسائل کو حل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم نے کاروباری برادری کو یقین دلایا کہ وہ بورڈ کی موجودگی میں اپنا مکمل تعاون کریں گے۔وزارت تجارت کی طرف سے ایک ماہ میں بورڈ کے دو اجلاس ہوں گے۔
پاکستان ریڈی میڈ گارمنٹس مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن (پرگمیہ) کے چیف آرگنائزر اعجاز کھوکھر نے بتایا کہ وزیراعظم نے 2 اگست کو ہونے والے بورڈ کے پہلے اجلاس میں کہا تھا کہ ‘میں خود ہر تیسرے اجلاس کی صدارت کروں گا جس میں گزشتہ دو اجلاس کے نتائج پر تبادلہ خیال کیا جائے گا اور برآمدی اقدامات کو بڑھایا جائے گا’۔ملاقات کے دوران وزیراعظم کو وزارت تجارت نے 21-2020 میں ملک کی برآمدات کے حوالے سے کارکردگی کے بارے میں بتایا۔وزیراعظم کو بتایا گیا کہ ملک کی برآمدات کو تین بڑی اقسام میں تقسیم کیا گیا ہے جن میں ٹیکسٹائل، زراعت اور غیر زرعی مصنوعات شامل ہیں۔
ٹیکسٹائل اور ملبوسات کے شعبے کی برآمدات کا تخمینہ 21-2020 کے لیے 15 ارب 38 کروڑ ڈالر تھا جبکہ مالی سال 2022 کا ہدف 20 ارب ڈالر مقرر کیا گیا ہے۔اسی طرح زرعی شعبے کی برآمدات مالی سال 2021 کے 4 ارب 34 کروڑ ڈالر بتائی گئی جبکہ رواں مالی سال کے لیے یہ ہدف 4 ارب 85 کروڑ ڈالر مقرر کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ غیر زرعی شعبے کے لیے مالی سال 2021 کا برآمدی ہدف 5 ارب 57 کروڑ ڈالر تھا جبکہ مالی 2022 کے لیے یہ 6 ارب 35 کروڑ ڈالر متوقع ہے۔
