وزیراعلیٰ پنجاب سے لیگی اراکین اسمبلی کی ملاقات، تعاون کی یقین دہانی

مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی اراکین نے وزیراعلیٰ پنجاب کو حکومت کی غیر مشروط حمایت جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
ذرائع کے مطابق اس اہم ملاقات میں سیاسی صورتحال اور اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اراکین اسمبلی نے وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کی قیادت پر مکمل اظہار اعتماد کیا۔ ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ صوبے کے عوام کی خدمت کیلئے مل کر کام جاری رکھیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ملاقات کرنے والوں میں نشاط احمد ڈاھا، غیاث الدین، چودھری اشرف علی، فیصل خان نیازی، غضنفر علی خان، محمد ارشد، اظہر عباس اور سابق ایم این چودھری طاہر بشیر چیمہ بھی شامل تھے۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے اراکین اسمبلی نے اعلان سردار عثمان بزدار کو یقین دہانی کرائی کہ ہم آپ کے ساتھ ہیں اور رہیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار کا اراکین اسمبلی سے کہنا تھا کہ صوبے کے عوام کی خدمت کے سفر میں آپ کو ساتھ لے کر چلیں گے اور عزت واحترام دیں گے۔ عثمان بزدار نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے اس ملک کو تباہ وبرباد کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ تحریک انصاف کی حکومت نے انتہائی مشکل وقت میں حکومت سنبھالی۔ ماضی کے کانٹے چن چن کر صاف کر رہے ہیں۔ تبدیلی آ رہی ہے اور آ کر رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت کے سفر میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔ آپ میرے لئے قابل احترام ہیں، آپ کے جائز کام ہر صورت ہوں گے۔
دوسری طرف پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں حمزہ شہباز شریف نے ن لیگی اراکین کی وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کا نوٹس لے لیا ہے۔
اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سے اراکین کی ملاقات کا معاملہ علم میں آیا ہے، پارٹی میں اس پر مشاورت ہوگی، جو بھی فیصلہ ہوگا اس کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ اراکین کی وفاداریاں تبدیل کرنے کی کوششیں پہلے بھی ناکام ہوئیں۔ آج الیکشن ہو جائے تو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔ لوگ بھوک سے مر رہے ہیں اور حکمران وفاداریاں تبدیل کرانے میں مصروف ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button