وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی ایران کے بعد سعودی عرب پہنچ گئے

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اپنے دورے کے اگلے مرحلے میں سعودی عرب پہنچ گئےہیں۔ 3 جنوری کو امریکی ڈرون حملے میں جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد خطے کی کشیدہ صورتحال میں کمی کے لیے وزیراعظم عمران خان نے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کوایران، سعودی عرب اورامریکا کا دورہ کرنے کی ہدایت کی تھی۔
اسی سلسلے میں گزشتہ روز شاہ محمود قریشی ایک روزہ دورے پر ایران کے دارالحکومت تہران پہنچے تھے جہاں انہوں نے اپنے ایرانی ہم منصب جواد ظریف اور صدر حسن روحانی سے ملاقاتیں کیں۔ اب وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اپنے دورے کے دوسرے مرحلے میں سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض پہنچے ہیں۔
کنگ خالد انٹرنیشنل ائیرپورٹ ریاض پہنچے پر سعودی وزارت خارجہ کے ڈپٹی منسٹر آف پروٹوکول اعظم القین، سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر راجہ علی اعجاز اور پاکستانی سفارت خانے کے سینیئر حکام نے وزیر خارجہ کا پرتپاک استقبال کیا۔ وزیر خارجہ ریاض میں اپنے سعودی ہم منصب سے ملاقات کریں گے جس میں خطے میں امن و امان کی صورتحال سمیت کثیر الجہتی معاملات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ 3 جنوری کو عراق کے دارالحکومت بغداد کے ائیرپورٹ کے باہر امریکی حملے میں ایران کی قدس فورس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی جاں بحق ہوگئے تھے جس کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ اس حملے کے بعد ایران نے بھی جوابی کارروائی کرتے ہوئے عراق میں امریکی فوجی اڈوں پر میزائل مارے تھے اور اِن حملوں میں 80 افراد کی ہلاکت کا دعویٰ کیا تھا تاہم امریکی صدر نے ان دعووں کی تردید کردی تھی۔ اس دوران وزیراعظم عمران خان نے بھی مشرق وسطیٰ میں کشیدگی ختم کرانے کے لیے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو متحرک ہونے کی ہدایت کی تھی۔
