وزیر اعظم شنگھائی تعاون تنظیم میں شرکت کےلیے قازقستان پہنچ گئے، روسی صدر پیوٹن سمیت عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں متوقع

وزیر اعظم شہباز شریف شنگھائی تعاون تنظیم میں شرکت کےلیے تاجکستان کے دار الحکومت دوشنبہ سے قازقستان کے دار الحکومت آستانہ پہنچ گئے ہیں۔ جہاں ان کی روسی صدر پیوٹن سمیت دیگر عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں متوقع ہیں۔

وزیر اعظم محمد شہباز شریف 3 اور 4 جولائی 2024 کو آستانہ میں شنگھائی تعاون تنظیم کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹ کے اجلاس اور ایس سی او پلس کے سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے، وزیر اعظم کے ہمراہ وزیر خارجہ محمد اسحٰق ڈار اور کابینہ کے دیگر سینئر ارکان اور اعلیٰ سرکاری افسران بھی ہوں گے۔

شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان کی کونسل کے اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف اہم علاقائی اور عالمی مسائل پر پاکستان کا نقطہ نظر پیش کریں گے، شہباز شریف ایس سی او پلس سمٹ سے بھی خطاب کریں گے۔

وزیر اعظم شہباز شریف سربراہی اجلاس کے موقع پر اس میں شریک رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کریں گے جب کہ وزیر اعظم  کی آج روسی صدر پیوٹن، ازبکستان کے صدر شوکت مرزایوف سے بھی ملاقات متوقع ہے۔

اس کے علاوہ آج پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان کے مابین سہ فریقی بات چیت کا دور ہوگا جس میں وزیر اعظم شہباز شریف شرکت کریں گے جب کہ آج قازقستان کے صدر کے عشائیے میں بھی شرکت کریں گے۔

Back to top button