وزیر اعظم ہاتھ میں پکڑی تسبیح پر مسلسل کیا پڑھتے ہیں؟

وزیر اعظم عمران خان ہاتھ میں مسلسل پکڑی ہوئی تسبیح پر درود پاک کا ورد کرتے ہیں اس بات کا انکشاف انھوں نے 23 اپریل کو ہونے والی احساس لائیو ٹرانسمیشن کے دوران ایک صحافی کے سوال کے جواب میں کیا.
صحافی ندیم ملک نے وزیراعظم سے سوال کیا کہ آپ تسبیح میں کیا پڑھتے ہیں،تو وزیراعظم نے جواب دیا کہ میں تو یہی سمجھتا ہوں کہ سب لوگ تسبیح پر درود شریف پڑھتے ہیں،صحافی نے سوال کیا کہ آپ نے کس سے متاثر ہو کر تسبیح پڑھنا شروع کی؟ جس کا جواب دیتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ مسلمان صرف نبی پاک ﷺ سے متاثر ہوتا ہے،خاص طور پر جب آپ صوفی ازم سے اسلام کی طرف آتے ہیں تو ایسا ہوتا ہے۔
پی ٹی آئی کے سربراہ اور وزیر اعظم عمران خان کی زندگی میں کئی روحانی شخصیات آئیں جنہوں نے عمران خان کی زندگی بدل کر رکھ دی۔عمران خان جب 14برس کے تھے تو ان کی والدہ انہیں ایک روحانی خاتون کے پاس لے گئیں۔روحانی پیشوا خاتون نے انہیں بتایا کہ آپ کا بیٹا پوری دنیا میں مشہور ہو گا اور آپ کا نام بھی گھر گھر پہنچے گا اور بعد میں عمران خان کے کرکٹ میں آنے اور شوکت خانم اسپتال بننے کی صورت میں دونوں باتیں سچ ثابت ہوئیں۔عمران خان کی زندگی میں روحانی خاتون کے بعد روحانی شخصیت "بابا چالا” کی آمد ہوئی جو عمران خان سے متعلق کئی باتیں جانتے تھےاور ان کی بتائی ہوئی کئی باتیں سچ ثابت ہوئیں۔عمران خان کی زندگی میں اس کے علاوہ بھی کئی روحانی شخصیات آئیں جن کا ذکر عمران خان نے اپنی کتاب میں بھی کیا۔ تاہم عمران خان کی زندگی میں سب سے اہم روحانی شخصیت بشریٰ بی بی المعروف پنک پیرنی تھیں۔ 2013ء کے انتخابات کے بعد پاکپتن کے خاندان کی بشریٰ بی بی سے عمران خان کی ارادت شروع ہوئی۔ان کی کہی ہوئی اکثر باتیں اتنی سچی ثابت ہوئیں کہ عمران خان تصوف کے اصطلاح میں مقام حیرت تک پہنچ گئے۔ پاکپتن سے ہی انہیں پہلی بار یہ خوشخبری ملی کہ وہ اس ملک کے وزیراعظم بن جائیں گے۔
نواز شریف کے لیے پانامہ سکینڈل کی خدائی سو موٹو کی اصطلاح بھی انہیں پاکپتن کے شہر سے ملی۔ایک ہاتھ کی مخصوص انگلی میں نگینے کی انگوٹھی اور دوسرے ہاتھوں میں تسبیح بھی انہی ملاقاتوں کی دین ہے۔عمران خان کو پاکپتن سے اتنی تسکین میسر آئی کہ ارادت کا تعلق ازدواجی رشتے میں بدل گیا اور بشریٰ بی بی عمران خان کے گھر کا چراغ ہو گئیں اور خاتون اؤل بن گئیںاس کے بعد عمران خان کے دن پھرنے لگے اور وہ پاکستان کے وزیراعظم بن گئے۔ وزیراعظم بننے کے بعد بھی عمران خان نے اپنی کامیابیوں کو بشریٰ بی بی کی دعاؤں کا نتیجہ قرار دے دیا۔ وزیراعظم بننے کے بعد ہر موقع پر عمران خان کے ہاتھ میں تسبیح نظر آئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button