وزیر اعلی بلوچستان اور سپیکر کےدرمیان معاملہ حل کر لیا

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال اور اسپیکر کے درمیان معاملے کو بات چیت سے حل کر لیا ہے۔
اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبد القدس بزنجو نے اسلام آباد میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجانی اور وزیر دفاع پرویز خٹک سے ملاقات کی ۔
اس موقع پر صادق سنجرانی نے کہا کہ وزیراعلیٰ جام کمال ہماری جماعت کے سربراہ ہیں اور وہی وزیراعلی رہیں گے
انہوں نے کہا کہ ‘اب بلوچستان اسمبلی اور حکومت کے درمیان کوئی مسلہ نہیں ہے’۔ صادق سنجرانی نے کہا کہ ‘ہم جام کمال کی کارکردگی سے مطمئین ہیں اور وہ ہی وزیر اعلی رہیں گے’۔ علاوہ ازیں ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ سینیٹ میں میرے خلاف عدم اعتماد کی تحریک اپوزیشن کی طرف سے تھی جبکہ موجودہ معاملہ پارٹی کا اندر اختلاف رائے کی بنیاد پر ہے۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا تمام اتحادیوں کے تحفظات دور کیے جائیں گے اور بلوچستان کی ترقی کے لیے سیاسی استحکام ضروری ہے۔
اس موقع پر وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا کہ پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے تمام اتحادی جماعتوں سے رابطوں کے لیے کمیٹی قائم کی ہے جو اتحادی قائدین سے رابطے کر رہی ہے۔ وزیر دفاع نے کہا کہ جو بھی بلوچستان میں تحریک عدم اعتماد لائے گا ہم اس کا سامنا کریں گے۔ پرویز خٹک نے بتایا کہ ‘پنجاب اور بلوچستان کے مسائل حل ہو گئے جبکہ خیبرپختونخوا کا مسئلہ بھی حل کر لیا گیا’۔
علاوہ ازیں اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبد القدس بزنجو نے کہا کہ تحفظات سننے پر قومی اسمبلی کے اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر اورپرویز خٹک کے مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی تعمیر و ترقی کے لیے مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔ .عبدالقدس بزنجو نے کہا کہ ‘بڑوں کا کام ہوتا یے تحفظات کو خوش اسلوبی سے حل کریں اور میرے اعزاز کی بات ہے کہ معاملے کو سنا گیا ‘۔
واضح رہے کہ اسپیکر صوبائی اسمبلی عبدالقدوس بزنجو نے وزیر اعلیٰ جام کمال کے خلاف تحریک استحقاق جمع کرا دی تھی۔ اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالقدوس بزنجو نے تحریک استحقاق میں موقف اختیار کیا تھا کہ وزیر اعلی بلوچستان نے مقامی اخبار میں میرے خلاف بیان دیا اور کہا کہ میں جذباتی شخص ہوں اور جذبات میں آکر باتیں کرجاتا ہوں۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں اسپیکر بلوچستان اسمبلی نے جام کمال کے خلاف اپنے الزامات دہراتے ہوئے کہا تھا کہ ‘حکومت کی پہہ جام ہے، آٹھ ماہ پہلے کہہ چکا ہوں کام نہیں ہو رہا، جام کمال میرے لیے محترم ہیں لیکن کام نہیں ہو رہا۔’
خیال رہےکہ اسپیکربلوچستان اسمبلی اور جام کمال کا تعلق بلوچستان عوامی پارٹی سے ہے۔ عبدالقدوس بزنجو اِس وقت اسپیکر بلوچستان اسمبلی ہیں جبکہ گزشتہ دور حکومت میں وہ مسلم لیگ (ق) کا حصہ تھےاوروہ 13 جنوری 2018 سے7جون 2018 تک وزیراعلیٰ بلوچستان رہے ہیں۔
