اسحاق ڈار سے ناروے کے وزیر خارجہ کی ملاقات، خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال

ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایڈ نے وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور،خطے کی صورت حال اور عالمی مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایڈ سرکاری دورے پر آج اسلام آباد پہنچے، وزارت خارجہ پہنچنے پر وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے استقبال کیا۔وفود کی سطح پر ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا، خطے کی صورت حال اور عالمی امور پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔
دوران ملاقات پاک ناروے تجارت اور سرمایہ کاری سمیت دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کا جائزہ لیاگیا۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے گفتگو کرتےہوئے کہاکہ ناروے کے وزیر خارجہ کو خوش آمدید کہتےہیں،پاکستان ناروے کے ساتھ اقتصادی تعلقات آگے بڑھانے کا خواہاں ہے،پاکستان اور ناروے کے درمیان 78 سالہ شراکت داری موجود ہے، نارویجن کمپنیاں پاکستان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کررہی ہیں۔
ناروے کے وزیرخارجہ ایسپن نارتھ کاکہنا تھاکہ پاکستان اور ناروے کے تعلقات مضبوط بنانے کےلیے پرعزم ہیں،امریکا اور ایران جنگ میں بطور ثالث وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کردار قابل تعریف ہے،پاکستان کی قیادت نے مشکل وقت میں جرأتمندانہ کردار ادا کیا۔
وزیرخارجہ ایسپن نارتھ نے کہاکہ موجودہ کشیدگی عالمی امن اور معیشت کےلیے انتہائی خطرناک ہے،پاکستان نے خطے اور عالمی امن کےلیے احسن کردار ادا کیا، ناروے میں پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد موجود ہے،پاکستان میں ناروے کی متعدد کمپنیاں کامیابی سے کاروبار کررہی ہیں، ناروےکی کمپنیاں پاکستان کی ترقی میں اپناکرداراداکررہی ہیں۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق وزیرخارجہ اسحاق ڈار اور ناروے کے وزیر خارجہ کے وفود کی سطح پر بھی مذاکرات ہوئے۔فریقین نے تجارت،سرمایہ کاری، موسمیاتی تبدیلی اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا،ناروے کے وزیرخارجہ نے ناروے میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے اہم کردار کو سراہا۔
ترجمان کےمطابق فریقین نے پاکستان اور ناروے کے درمیان خوشگوار اور دوستانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا،فریقین نے باہمی دلچسپی کی علاقائی اور بین الاقوامی پیشرفت پر بھی تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔
وزیراعظم سے بیلاروس کے وزیر توانائی کی ملاقات، دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق
دفترخارجہ کے ترجمان کا کہنا ہےکہ ناروے کے وزیر خارجہ نے حالیہ ایران-امریکہ تنازع کے دوران پاکستان کے اہم اور تعمیری کردار کو سراہا،وزیر اعظم شہباز شریف،اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل کی قیادت اور خدمات کو خصوصی طور پر خراج تحسین پیش کیا۔
