وسیم اکرم سوشل میڈیا افواہوں پر غصے میں کیوں آگئے؟

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان و فاسٹ بائولر وسیم اکرم نے ایشیا کپ میں پاکستانی ٹیم کی ناقص کارکردگی پر سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی افواہوں پر غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پہلے ہی پاکستان اور بھارت میں بہت خیلج ہے اس کو جھوٹی اور من گھڑت خبروں سے مزید گہرا نہ کریں۔وسیم اکرم نے ایشیا کپ کے حوالے سے سوشل میڈیا پر پھیلائی گئی فیک نیوز پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ لوگ سوشل میڈیا پر پھیلی ہر بات پر یقین کرنا چھوڑ دیں، کیونکہ جھوٹی اور جعلی خبریں دونوں ممالک میں نفرت کو بڑھا رہی ہیں۔سابق فاسٹ بائولر نے سماجی رابطہ ویب سائٹ ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ لوگ ہر بات پر یقین کرنا چھوڑ دیں، کیونکہ ہر غلط بات پر یقین کرنا آسان ہوتا ہے، فیک نیوز دنیا میں غیر ضروری تنازعات کو ہوا دیتی ہیں، فیک نیوز زندگی کا حصہ ہے لیکن اس نے ہمیشہ نفرت کو جنم دیا ہے، بھارت اور پاکستان کے درمیان مزید دراڑ پیدا کررہی ہے جس کی دونوں ممالک کو مزید ضرورت نہیں۔وسیم اکرم نے ٹوئٹر پوسٹ سے بھارت اور پاکستان دونوں ملکوں کی عوام کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو ہر بات پر یقین کرنا چھوڑ دینا چاہئے، فیک نیوز دونوں ملکوں کے درمیان مزید نفرت پھیلا رہی ہے، سوشل میڈیا پر وسیم اکرم کی پوسٹ پر قیاس آرائی کرتے ہوئے کچھ بھارتی شائقین نے وسیم اکرم کو ہی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ لگتا ہے وسیم اکرم اپنے دیئے گئے بیان پر بات کر رہے ہیں کہ سوشل میڈیا پر سب سچ نہیں ہوتا۔یاد رہے ایشیا کپ کے فائنل کے حوالے سے وسیم اکرم سے منسوب ایک بیان بھی گردش کر رہا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ سری لنکن ٹیم کی کارکردگی سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ پردے کے پیچھے کچھ ‘انتظام’ کیا گیا ہے، ان کے اس بیان سے یہ تاثر پیدا ہوا تھا کہ بھارت اور سری لنکا کا میچ فکس تھا، دوسری جانب پاکستانی شائقین نے بھارتی شائقین کو جواب دیتے ہوئے لکھا کہ وسیم اکرم شاید ایشیا کپ کے سپر 4 مرحلے کے آخری میچ میں پاکستان کو شکست کے بعد کھلاڑیوں کی ڈریسنگ روم میں لڑائی کی جھوٹی خبریں پھیلائی جانے پر بات کررہے ہیں۔واضح رہے جب پاکستان کو ایشیا کپ کے سپر 4 مرحلے میں سری لنکا کے ہاتھوں شکست ہوئی، تو سوشل میڈیا پر یہ خبر پھیل گئی تھی کہ پاکستانی کھلاڑی ڈریسنگ روم میں آپس میں ہی لڑ پڑے ہیں تاہم وسیم اکرم کی پوسٹ سے یہ واضح نہیں ہے کہ انہوں نے کس معاملے پر بات کرتے ہوئے یہ پوسٹ شیئر کی، مگر دونوں ملکوں کے شائقین کرکٹ اور سوشل میڈیا صارفین ان کی پوسٹ کو اپنے اپنے اندازے کے مطابق واقعات سے جوڑ رہے ہیں۔
