وفاقی حکومت کرونا کی روک تھام کیلے اقدامات میں سنجیدہ نہیں

وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ لاک ڈاؤن کا کہہ رہے ہیں لیکن وفاق سنجیدہ نہیں۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ اسپتالوں پر کافی زیادہ دباؤ ہے، مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے، سب سے اپیل کرتا ہوں کورونا سے ڈرنا ہے اور بچنا ہے۔لاک ڈاؤن کے حوالے سے وزیراطلاعات سندھ کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ لاک ڈاؤن کا کہہ رہے ہیں لیکن وفاق سنجیدہ نہیں۔وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل کے جیکب آباد میں اسپتال کے دورے کے حوالے سے ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ جس اسپتال شہباز گل گئے وہ مکمل فعال نہیں ہے، انہیں صرف شوشہ چھوڑنا تھا۔ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے امراض قلب کے اسپتالوں کا ذکر کیا تھا، جیکب آباد میں این آئی سی وی ڈی کا مکمل یونٹ بنا ہوا ہے۔
خیال رہے کہ سندھ میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 71 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جب کہ ہلاکتوں کی تعداد 1103 ہوچکی ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اب تک سمجھ نہیں آیا کہ سندھ میں چھابڑی والوں کو کیوں بند کردیا، اگرصوبے مجھ سے پوچھ لیتے تو کبھی ایسا لاک ڈاؤن نہ ہونے دیتا۔ان کا کہنا ہے کہ یورپ کودیکھتے دیکھتے پاکستان میں لاک ڈاؤن کردیا گیا، یورپ اور پاکستان کے حالات میں بہت فرق ہے، مجھ سے اگر صوبے پوچھ لیتے تو کبھی ایسا لاک ڈاؤن نہ کرنے دیتا، بڑی تنقید ہوئی لیکن شکر ہے میری بات سن لی۔لاڑکانہ کے دورے کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ مستحقین میں پیسے کی تقسیم کرنے کے لیے لاڑکانہ گیا تو دیکھا کوئی ترکھان ہے تو کوئی درزی، لاڑکانہ میں 20 فیصد چھابڑی والے تھے، سمجھ نہیں آئی چھابڑی والوں کو کیوں بند کیا گیا؟

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button