وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کو مشیر بنانے کا فیصلہ

شوکت ترین کو وفاقی وزیر خزانہ کے عہدے سے ہٹا کر مشیر خزانہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، بطور وزیر ان کی مدت ملازمت آج ختم ہو رہی ہے ، اس کے بعد وہ مشیر خزانہ کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔
شوکت ترین کی بطور مشیر تعیناتی کی منظوری جلد سامنے آئے گی ، اسحاق ڈار کی نشست پر الیکشنز ایکٹ ترمیمی آرڈیننس کا اطلاق نہ ہونے کی وجہ سے شوکت ترین ابھی تک سینیٹر نہیں بن سکے ہیں ، وفاقی حکومت نے اسحاق ڈار کی نشست پر سپریم کورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کو 6 ماہ کے لئے وفاقی وزیر بنایا گیا تھا ، آئین کے مطابق 6 ماہ کے دوران رکن پارلیمنٹ نہ بننے کی صورت میں عہدہ چھوڑنا لازم ہے ، اس سے قبل وفاقی حکومت نے وزیر خزانہ شوکت ترین کو خیبر پختونخوا سے سینیٹر منتخب کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
سینیٹر منتخب ہونے کے بعد شوکت ترین کو وفاقی وزیر بنایا جائے گا، ضرورت پڑنے پر حماد اظہر کو دوبارہ وفاقی وزیر کا عارضی عہدہ دیا جا سکتا ہے ، 16 اکتوبر کو شوکت ترین سے وفاقی وزیر کا عہدہ واپس وزیراعظم کے پاس چلا جائے گا۔
مشیر بننے کے بعد مختلف اہم کمیٹیوں کی سربراہی بھی نہیں کر سکیں گے، دیگر کابینہ کمیٹیوں کی صدارت کے بھی اہل نہیں رہیں گے۔
