نواز،شہبازکیخلاف توہین عدالت کی درخواست سماعت کیلئے مقرر

وزیر اعظم شہباز شریف اور نواز شریف کے خلاف توہین عدالت کی درخواست اسلام آباد ہائی کورٹ کے رجسٹرار آفس کے اعتراضات کے ساتھ سماعت کے لیے مقرر کردی گئی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ پیر کو سماعت کریں گے۔
عدالت عالیہ کے رجسٹرار آفس کے اعتراض میں کہا گیا ہے کہ بیان حلفی لاہور ہائی کورٹ میں جمع کروایا وہی فورم بنتا ہے۔
ایڈووکیٹ سید ظفر علی شاہ نے بطور پٹیشنر اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی، درخواست میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف بیماری کی غرض سے لاہور ہائی کورٹ کی اجازت سے بیرون ملک گئے تھے، نواز شریف کو بیرون ملک بھیجنے کے لیے شہباز شریف نے بیان حلفی جمع کروایا۔
درخواست کے مطابق نواز شریف مختلف عدالتوں سے اشتہاری ہیں، شہباز شریف اور نواز شریف کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کی جائے۔
درخواست میں وزیراعظم شہباز شریف، نواز شریف، وزارت داخلہ اور وزارت خارجہ کو درخواست میں فریق بناتے ہوئے استدعا کی گئی ہے کہ عدالت نواز شریف کی واپسی کےلیے احکامات جاری کرے۔
