وقار یونس نے ٹوئٹر اکاؤنٹ ہیک ہونے پر سوشل میڈیا چھوڑ دیا

قومی کرکٹ ٹیم کے باؤلنگ کوچ وقار یونس نے اپنے ذاتی ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ‘نازیبا ویڈیو’ کا لائک سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
یاد رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے باؤلنگ کوچ وقار یونس کے علاوہ بھی روزانہ سینکڑوں پاکستانیوں کا ٹویٹر اکاؤنٹ اسی طرح ہیک ہو رہا ہے اور صارفین اکثر شکایت کرتے نظر آتے ہیں کہ ان کے اکاؤنٹ سے کچھ ایسی پوسٹ شیئر کردی جاتی ہیں جنہیں وہ عام حالات میں کبھی بھی پوسٹ نہ کریں، ایسی اکثر پوسٹس غیر اخلاقی ہوتی ہیں، کچھ ایسا ہی واقعہ اب ماضی کے مایہ ناز فاسٹ بالر وقار یونس کے ساتھ پیش آیا ہے جنہوں نے ٹوئٹر پر اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ کسی نے میرا ٹوئٹر ہیک کرکے نہایت ہی نازیبا، بیہودہ ویڈیو کو میرے اکاؤنٹ سے لائک کر دیا ہے جو میرے اور میرے اہل خانہ کےلیے بڑی افسوس ناک، شرمناک اور تکلیف دہ بات ہے۔ وقار یونس نے کہا کہ میں سمجھتا تھا کہ سوشل میڈیا یا ٹوئٹر اپنے جاننے والوں سے بات چیت کا ایک موثر ذریعہ ہے لیکن بدقسمتی سے کسی بدبخت شخص نے میرا اکاؤنٹ ہیک کرکے اسے مس یوز کیا ہے جو کہ افسوس کی بات ہے اور اس حرکت نے مجھے مجبور کردیا ہے کہ میں سوشل میڈیا سے الگ ہو جاؤں۔
انہوں نے کہا کہ یہ پہلی دفعہ نہیں ہوا بلکہ اس سے قبل بھی ہوچکا ہے اور یہ شخص تو باز نہیں آئے گا لہٰذا میں نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ آج کے بعد میں سوشل میڈیا پر نہیں آؤں گا کیوںکہ مجھے میرے گھر والے زیادہ عزیز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے بعد آپ مجھے سوشل میڈیا پر نہیں دیکھیں گے اور اگر کسی کو اس بات سے تکلیف ہوئی ہے تو میں معذرت خواہ ہوں۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹوئٹر پر ‘وقار یونس’ کے نام ٹاپ ٹرینڈ میں شامل ہوا تھا جس کی وجہ ان کے ذاتی ٹوئٹر اکاؤنٹ کے لائک سیکشن میں ایک نازیبا ویڈیو کو لائک کرنا تھا۔
اگرچہ یہ ویڈیو مارچ 2019 میں ٹوئٹر پر ایک اکاؤنٹ کی جانب سے پوسٹ کی گئی تھی تاہم وقار یونس کے اکاؤنٹ پر حالیہ لائک میں یہ سب سے اوپر نظر آرہی تھی۔ یہاں یہ واضح رہے کہ ٹوئٹر پر وقار یونس کے 17 لاکھ سے زائد فالورز ہیں جب کہ وہ خود صرف 106 لوگوں کو فالو کررہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button