ول اسمتھ نے آسکر تقریب میں تھپڑ مارنے کی وجہ بتا دی

معروف ہالی وڈ اداکار ول سمتھ نے مارچ 2022 میں آسکر ایوارڈز کی تقریب کے دوران سٹیج پر جا کر مشہور کامیڈین کرس راک کو تھپڑ مارنے کی اصل وجہ بیان کر دی ہے ہے۔  آسکر ایوارڈز کے اس واقعے کے بعد پہلے ٹی وی انٹرویو میں ول سمتھ نے بتایا کہ آخر کس چیز نے انہیں کرس راک کو تھپڑ مارنے پر مجبور کیا۔ انہوں نے کہا کہ ‘جیسا آپ تصور کر سکتے ہیں کہ وہ ایک خوفناک رات تھی، متعدد پیچیدگیاں اور پہلو اس رات میں چھپے ہیں مگر اس دن کے اختتام پر مجھے ہی شکست ہوئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ ‘یقیناً میں اپنے رویے کو صحیح قرار نہیں دے سکتا ، مگر اس وقت میرے اندر بہت کچھ ہوا تھا۔ وہ ایک چھوٹا بچہ تھا جو اپنے باپ کو ماں پر تشدد کرتے دیکھتا تھا، اس لمحے غصے کا وہ غبارہ پھٹ گیا اور میں وہ بن گیا جو میں نہیں بننا چاہتا تھا’۔ ان کا کہنا تھا کہ ‘یہ وہ غصہ تھا جو بہت عرصے سے میرے اندر جمع ہورہا تھا۔

انٹرویو کے دوران ول سمتھ نے کہا کہ جب وہ اس واقعے کے بعد گھر گئے تو 9 سالہ بھتیجا ان کے انتظار میں جاگ رہا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ ‘میری گود میں بیٹھ کر اس نے آسکر کو تھاما اور کہا کہ آپ نے اس شخص کو کیوں مارا؟ تب مجھے احساس ہوا کہ میں نے کیا کردیا، مجھے اس حد تک نہیں جانا چاہیے تھا’۔ یاد رہے کہ آسکر ایوارڈز کی تقریب کےدوران کرس راک ایوارڈ دینے سٹیج پرآئے تھے جس دوران بات کرتے ہوئے انہوں نے ول سمتھ کی بیوی جاڈا پنکٹ اسمتھ کے سر کے بال جھڑنے کا مذاق اڑایا تھا۔ کامیڈین کے مذاق پر ول سمتھ سٹیج پر آئے اورکرس راک کے منہ پر زور دارتھپڑ مارا۔ اس واقعے کے بعد اکیڈمی ایوارڈز نے آسکر تقاریب میں ول سمتھ کی شرکت پر 10 سال کی پابندی عائد کردی تھی۔

اکیڈمی ایوارڈز کے حکام کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا کہ یہ ہمارے لیے دنیا بھر میں اپنے مہمانوں، ناظرین اور اپنی اکیڈمی فیملی کے لیے ایک مثال قائم کرنے کا ایک موقع تھا تاکہ آئندہ کوئی ایسی حرکت نہ کرسکے۔ بیان میں کہا گیا کہ ول اسمتھ کے رویے کے جواب میں ہم آج یہ کارروائی کر رہے ہیں جو ہمارے فنکاروں اور مہمانوں کی حفاظت کے مقصد کی طرف ایک قدم ہے۔ تب ول سمتھ نے کہا تھا کہ میں اکیڈمی کے فیصلے کو قبول کرتا ہوں اور اس کا احترام کرتا ہوں۔

Back to top button