’’ٹام کروز کے مشن امپاسبل میں جان پر کھیلنے والے اسٹنٹس‘‘

فلم نگری بالی ووڈ کی ہو یا ہالی ووڈ کی جہاں خطرناک سین کی عکسبندی کا موقع آتا ہے تو ایسے میں کسی ماہر اسٹنٹ مین کی خدمات حاصل کی جاتی ہیں لیکن ٹام کروز نے معروف ہالی ووڈ سیریز ’’مشن امپاسبل‘‘ کے تمام پرخطر سین خود ہی عکسبند کرائے۔
سیریز کا ساتواں حصہ ’’مشن امپاسبل، ڈیڈ ریکننگ پارٹ ون‘‘ گزشتہ جمعے دنیا بھر میں ریلیز ہو چکا ہے، اور اس کے ساتھ ٹام کروز کی بطور سیکرٹ ایجنٹ ایتھن ہنٹ پانچ سال بعد واپسی ہو رہی ہے۔
مشن امپاسبل فرانچائز ماضی میں نشر ہونے والی ٹی وی سیریز پر مبنی ہے۔ اس کی کہانی ‘امپاسبل مشن فورس’ نامی آرگنائزیشن کے گرد گھومتی ہے جس کا مقصد ہر قیمت پر دنیا میں امن قائم رکھنا ہے۔
مشن امپاسبل سیریز کی کی پہلی فلم جو 1996 میں ریلیز ہوئی، اس کا ایک اسٹنٹ جو بے حد مقبول ہوا اس میں ٹام کروز کے کردار ایتھن ہنٹ کو زمین پر قدم رکھے بغیرسی آئی اے کے ایک کمپیوٹر سے خفیہ فائل چرانے کا ٹاسک ملا تھا۔
اسپیشل افیکٹس کے بغیر اس سین میں ٹام کروز ایک رسی کی مدد سے لٹک کر اس والٹ میں جاتے ہیں جس کی نگرانی کے لیے اتنا حساس نظام نصب کیا گیا تھا جو انسانی جسم کے درجۂ حرارت کو بھی مانیٹر کرتا ہے۔ ایجنٹ ہتھن ہنٹ اتنے حساس سسٹم کی آںکھوں میں دھول جھونک کر جس طرح کمپیوٹر سے فائل نکالنے میں کامیاب ہوتا ہے، وہ ایک یادگار اسٹنٹ تھا۔
مشن امپاسبل کی پہلی فلم کا کلائمیکس فرانس اور انگلینڈ کے درمیان چلنے والی ٹربو ٹرین کی چھت پر ہوا جس میں ٹام کروز کے ساتھ جون رینو اور جون وویٹ بھی شامل تھے۔
اس اسٹنٹ میں پہلے ٹام کروز کا کردار ہیلی کاپٹر کی رسی کو ٹرین سے باندھنا ہے اور اس کے بعد ولن کو قابو میں کرکے ٹرین کو چینل ٹنل میں لے جاتا ہے۔سین کو فلمانے کے لیے گرین اسکرین کا استعمال کیا گیا تھا لیکن اسے بڑی مہارت کے ساتھ اسکرین پر ایک حقیقی منظر کی طرح پیش کیا گیا جس نے فلم بینوں سے داد سمیٹی۔
مشن امپاسبل سیریز کی جو شکل شائقین اس وقت دیکھ رہے ہیں، اس میں سب سے بڑا ہاتھ چوتھی فلم ‘گوسٹ پروٹوکول’ کا ہے جس میں ٹام کروز نے برج خلیفہ کو سر کیا تھا۔
2011 میں ریلیز ہونے والی فلم میں ایتھن ہنٹ کو کھڑکی کے راستے اس وقت دنیا کی سب سے اونچی عمارت کے سرور روم میں جانا تھا اور ان کے پاس صرف دو مقناطیسی گلوز تھے، جس میں سے ایک دورانِ مشن خراب ہوجاتا ہے لیکن خلاف توقع ریت کا طوفان آ جاتا ہے اور واپسی پر رسی چھوٹی پڑ جاتی ہے۔ان مشکلات کے باوجود ایتھن ہنٹ مشن کو پورا کرتے ہیں۔
2015 میں ریلیز ہونے والی فلم ‘روگ نیشن’ کے آغاز ہی میں ٹام کروز نے ایک کارگو جہاز کے دروازے سے لٹک کر سنسنی خیز اسٹنٹ کیا۔ ٹام کروز نظر نہ آنے والے اسٹنٹ گئیر کی مدد سے ٹیک آف سے لے کر ہوا میں اڑتے وقت تک جہاز کے ساتھ لٹکے رہے کیوں کہ کہانی کے مطابق اس طیارے میں جو سامان رکھا تھا وہ اگر دشمن کے ہاتھ لگ جاتا تو بڑی تباہی پھیل سکتی تھی۔
مشن امپاسبل کے پانچویں حصے ‘روگ نیشن ‘کے آغاز ہی سنسنی خیز نہیں تھا بلکہ اس میں متعدد سینز پر بہت محنت کی گئی۔ انہی میں سے ایک سین وہ تھا جس کے لیے ٹام کروز کو ایک دو نہیں، بلکہ چھ منٹ تک پانی میں رہنا تھا، اور انہوں نے ایسا ہی کیا۔
اداکار ٹام کروز نے سب سے زیادہ خطرناک اسٹنٹ سیریز کی چھٹی فلم میں کیے جو 2018 میں ’فال آؤٹ‘ کے نام سے ریلیز ہوئی۔ اسی میں سے ایک اسٹنٹ کرتے ہوئے ٹام کروززخمی بھی ہوئے لیکن انہوں نے سین مکمل فلم بند کرانے کے بعد ہی اپنی تکلیف کا اظہار کیا تھا۔
مشن امپاسبل کے اسٹنٹ کی بات ہو تو ‘فال آؤٹ’ میں ملٹری اسٹائل ‘ہیلو جمپ’ کا ذکر تو لازمی ہے۔ ہیلو یعنی ہائی ایلٹیٹیوڈ لو اوپننگ جمپ میں 25 ہزار فٹ کی بلندی سے کودنے کے بعد پیراشوٹ کو زمین کے بہت قریب پہنچنے پر کھولا جاتا ہے۔ اس اسٹنٹ کو مزید ڈرامائی بنانے کے لیے اس میں طوفان کا اضافہ کیا گیا ، آسمانی بجلی لگنے کی وجہ سے ہنری کیول کے کردار کا بے ہوش ہونا اور ایتھن ہنٹ کا انہیں ہوا سے زمین کی طرف آتے ہوئے بچانا ایک سنسنی خیز منظر تھا۔
اور آخر میں بات گزشتہ مشن امپاسبل فلم کے آخر میں آنے والے اسٹنٹ کی جس میں ہنری کیول کے پاس موجود نیوکلیر بم کا ریموٹ حاصل کرنے کے لیے ٹام کروز نے زمین سے ہوا کا سفر کیا۔ہوا میں اڑتے ہیلی کاپٹر تک پہنچنے کے لیے ایتھن ہنٹ پہلے زمین سے رسی سے لٹک کر ہیلی کاپٹر کے کاک پٹ تک پہنچے اور پھر ہیلی کاپٹر کے مسافروں کو باہر پھینک کر خود پائلٹ بنے، اور آخر میں دوسرے ہیلی کاپٹر کا تعاقب کرکے اسے تباہ کر دیا۔
ایک موقع پر ٹام کروز اسٹنٹ کرتے ہوئے پھسلے لیکن ہیلی کاپٹر سے لٹکے کارگو نے انہیں بچالیا، اس سین میں کہیں کہیں گرین اسکرین کا استعمال بھی ہو ا ہے لیکن اسکرین پر اس کے مناظر حقیقت سے قریب ترین محسوس ہوتے تھے۔

Back to top button