ٹیکس وصولی میں 486 ارب روپے شارٹ فال کا انکشاف

 ایف بی آر کو رواں مالی سال کے دوران ٹیکس وصولیوں کی مد میں 19فیصد گروتھ کے باوجود486 ارب روپے کے ریونیو شارٹ فال کا انکشاف ہوا ہے۔ایف بی آر رواں مالی سال کیلئے مقرر کردہ 7 ہزار 640 ارب روپے ارب روپے کی ٹیکس وصولیوں کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہا ،البتہ عید کی تعطیلات کے بعد ٹیکس وصولیوں کے حتمی اعداد وشمار موصول ہونے پر ریونیو شارٹ فال میں کچھ کمی واقع ہوگی مگر ہدف پورا ہونا پھر بھی مشکل ہوگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف بی آر نے عید تعطیلات شروع ہونے سے قبل مجموعی طور پر 7ہزار 154 ارب روپے کی عبوری ٹیکس وصولیاں کیں جو گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 19 فیصد زیاد ہیں مگر مقرر ہدف سے کم ہیں، کیونکہ ایف بی آر کا رواں مالی سال کا ٹیکس ہدف7 ہزار 640 ارب روپے تھا، اس لحاظ سے رواں مالی سال کے دوران حاصل کردہ ٹیکس وصولیاں مقرر ہدف سے 486ارب روپے کم ہیں، ٹیکس ہدف حاصل کرنے کے لیے فروری میں200 ارب روپے کا منی بجٹ لایا گیا تھا۔

ذرائع نے بتایا کہ درآمدات پر پابندیوں اور معاشی صورتحال کے باعث ٹیکس وصولی میں کمی ہوئی، رواں مالی سال ٹیکس وصولی میں 19 فیصدکا اضافہ ہوا ہے۔

Back to top button