پاور ڈویژن کا بجلی چوروں سے 14ارب 33کروڑ کی وصولی کادعویٰ

ملک بھر میں بجلی چوروں کیخلاف گرینڈ آپریشن جاری ہے ۔سیکرٹری پاور ڈویژن راشد لنگڑیال نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک بھر میں بجلی چوروں کیخلاف کارروائیوں کے دوران14ارب33کروڑ 30لاکھ روپے سے زائد کی وصولیاں کی گئی ہیں۔مہم کے دوران ابتک 10ہزار بجلی چوروں کو گرفتارکیاگیا ،23ہزار 152بجلی چوروں کیخلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہیں۔
سیکرٹری پاور ڈویژن کے مطابق ریکوری میں لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) 3 ارب 85 کروڑ 20 لاکھ روپے وصولیوں کے ساتھ سرفہرست ہے۔بجلی چوروں کے خلاف کارروائیوں میں حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (حیسکو) 2 ارب 69 کروڑ 40 لاکھ اور پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) کی جانب سے 2 ارب 42 کروڑ کی وصولیاں کی گئی ہیں۔سکھر الیکٹرک سپلائی کمپنی (سیپکو) نے 1 ارب 63 کروڑ اور ملتان الیکٹرک سپلائی کمپنی (میپکو) کی جانب سے 1 ارب 62 کروڑ 40 لاکھ روپے کی وصولیاں کی گئی ہیں۔
