پاکستانی سرکاری افسر اقوام متحدہ والوں سے بھی مہنگے


ایک حکومتی ادارے کی تازہ تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ اگر پاکستانی سرکاری افسران کی تنخواہیں انکی مراعات سمیت شمار کی جائیں تو وہ نہ صرف پرائیویٹ سیکٹر سے بھی زیادہ بن جاتی ہیں بلکہ گریڈ 21 کے پاکستانی افسر پر کل خرچ ہونے والی رقم اقوام متحدہ کے افسر پر لگنے والی رقم سے بھی زیادہ بن جاتی ہے۔ یاد رہے کہ اقوام متحدہ کے گریڈ 21 کے برابر افسر کو تقریباً نو لاکھ 10 ہزار روپے ماہانہ ملتے ہیں۔
پاکستان میں عمومی تاثر یہ ہے کہ گریڈ 17 سے اوپرکے سرکاری افسران کی تنخواہیں پرائیویٹ سیکٹر کے مقابلے میں بہت کم ہیں اور یہ لوگ بہت کم تنخواہوں پر ملک کی خدمت کر رہے ہیں۔ لیکن اب یہ تھیسس غلط ثابت ہوگیا ہے۔ پاکستان کے ایک سرکاری تھِنک ٹینک کی اقوام متحدہ کے ادارے کے ساتھ مل کر کی گئی تحقیق میں پاکستانی سرکاری افسران کی تنخواہوں اور مراعات بارے حیرت انگیز انکشافات سامنے آئے ہیں۔ اردو نیوز کے مطابق پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس یعنی پائیڈ کی اس تحقیقی رپورٹ کے مطابق، عام تاثر کے برعکس، پاکستان میں سرکاری افسران کی تنخواہیں اگر مراعات سمیت شمار کی جائیں تو نہ صرف پرائیویٹ سیکٹر سے بھی زیادہ ہیں بلکہ گریڈ 21 کے پاکستانی افسر پر کل خرچ ہونے والی رقم اقوام متحدہ کے افسران پر خرچ ہونے والی رقم سے بھی 12 فیصد زیادہ ہے۔ یاد رہے کہ اقوام متحدہ کو عام طور پر ایک بہت ذیادہ تنخواہ والا ادارہ گردانا جاتا ہے۔ پائیڈ نے یہ تحقیق اقوام متحدہ کے ادارے یو این ڈی پی کے اشتراک سے کی۔ رپورٹ کے مطابق سب کچھ سیلری سلپ پر نہیں لکھا ہوتا بلکہ اس سے کئی گنا زیادہ مالیت کی مراعات غیر محسوس طریقے سے سرکاری افسران تک پہنچتی ہیں اس لیے بہتر ہے کہ سرکاری افسران کو تمام مراعات کیش کی شکل میں دی جائیں۔ اسی طرح ورلڈ بینک کے ورلڈ بیوروکریسی انڈیکیٹر کے مطابق پاکستان میں سرکاری شعبے میں تنخواہیں پرائیویٹ شعبے سے 53 فیصد زیادہ ہیں۔
اب سوال یہ ہے کہ پاکستان کا ایک سرکاری افسر قومی خزانے کو ماہانہ کتنے میں پڑتا ہے؟ پائیڈ کی تحقیق کے مطابق ایک گریڈ 20 کے پاکستانی افسر کی اوسط بنیادی تنخواہ تو صرف ایک لاکھ 660 روپے ہے مگر اصل میں اسے حاصل مراعات اور فائدے ماہانہ سات لاکھ 29 ہزار 511 روپے کے برابر ہیں۔
گریڈ 20 کے افسر کو دی گئی کار کے تمام اخراجات، گھر اور طبی سہولیات کا تخمینہ لگایا جائے تو وہ اس کی بنیادی تنخواہ سے بھی سات گنا زیادہ بڑھ جاتی ہے۔ اسی طرح تحقیق کے مطابق گریڈ 21 کے پاکستانی افسر کی اوسط بنیادی تنخواہ ایک لاکھ 11ہزار 720 روپے ہے تاہم ان کی کار، گھر اور طبی اخراجات کے ساتھ ان کو ملنے والے مالی فوائد ماہانہ تقریبا 10 لاکھ روپے تک پہنچ جاتے ہیں۔ گویا ان کی اصل تنخواہ بنیادی تنخواہ سے گیارہ گنا زائد ہوتی ہے۔
اس طرح گریڈ 22 کے ایک سرکاری افسر کی اوسط بنیادی تنخواہ تو صرف ایک لاکھ 23 ہزار 470 روپے ہوتی ہے مگر اسے دراصل 11 لاکھ روپے کے مالی فوائد ہر ماہ دستیاب ہوتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ایک وفاقی سیکریٹری کو ان کے ہم پلہ اقوام متحدہ کے افسر سے بھی زیادہ مالی فوائد ماہانہ ملتے ہیں۔ اقوام متحدہ کے ایک سیکریٹری لیول افسر کو تقریباً نو لاکھ 10 ہزار روپے ماہانہ ملتے ہیں۔ جوں جوں سرکاری افسران کے گریڈ بڑھتے جاتے ہیں تو ان کی بنیادی تنخواہ اور مراعات کا تناسب بھی بڑھتا جاتا ہے۔ مثلاً اگر گریڈ 20 اور 22 کے افسران کی جانب سے سرکاری گاڑیوں کے ذاتی استعمال سے ان کے اوپر خرچ ہونے والی رقم ان کی بنیادی تنخواہ سے بھی ایک اعشاریہ دو گنا بڑھ جاتی ہے۔ پائیڈ نے اپنی تحقیق میں تجویز دی ہے کہ سرکاری افسران کی تنخواہ بھی ان کے ہم پلہ پرائیویٹ سیکٹر ملازمین کے برابر ہونی چاہیے اور ان کی تنخواہوں میں سالانہ اضافہ بھی ان کی کارکردگی سے مشروط ہونا چاہیے۔
تحقیق کے مطابق سرکاری ملازمین کے زیر استعمال رہائش گاہوں کی کل قیمت تقریباً ساڑھے 14 کھرب یا ڈیڑھ ٹریلین روپے کے برابر ہے۔ حکومت ان تمام سرکاری گھروں کو پرائیویٹ سیکٹر کو بیچ کر 14 کھرب سے زائد رقم حاصل کر سکتی ہے۔ ان تمام مکانات کو اگر حکومت کرائے پر دے دے تو اس سے سالانہ تقریباً 11 ارب روپے کرائے کی مد میں حکومت کو حاصل ہوں گے۔ اس طرح سرکاری افسران کی زیر استعمال گاڑیوں پر ہونے والے اخراجات کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ گریڈ 20 سے 22 تک کے افسران کی بنیادی تنخواہ سے زیادہ ماہانہ ان کی گاڑیوں کا خرچ ہوتا ہے۔ سرکاری افسران کو سیلری سلپ میں شامل ملنے والے میڈیکل الاؤنس کے علاوہ ہر ماہ انہیں مجموعی طور پر دو اعشاریہ تین ارب روپے میڈیکل اخراجات کے ضمن میں ادا کیے جاتے ہیں۔ تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں سرکاری افسران کی پینشن کا نظام بھی پرائیویٹ سیکٹر کے مقابلے میں خاصا فیاضی پر مبنی ہے۔ گو کہ سرکاری طور پر پینشن کی رقم سرکاری ملازم کی آخری بنیادی تنخواہ کا 70 فیصد ہوتی ہے لیکن اگر گزشتہ حکومتوں کی طرف سے پینشنز میں اضافوں کو شامل کیا جائے تو یہ بنیادی تنخواہ کا 122 سے 140 فیصد تک بن جاتی ہے۔
اوسطاً ایک سرکاری افسر جو 25 سال ملازمت کرتا ہے وہ اَسی سال کی عمر میں پہنچنے تک پینشن وصول کرتا رہتا ہے اور ان کی موت پر ان کے تیرہ ورثا خاندانی پینشن کا دعویٰ کر سکتے ہیں جن میں ان کی اہلیہ، غیر منکوحہ بیٹی، کم عمر بچے، بیوہ بیٹی، مطلقہ بیٹی، معذور بچے اور دیگر شامل ہیں۔
اقوام متحدہ کے ادارے کے ساتھ مل کر تیار کی گئی اتحقیقاتی رپورٹ میں پائیڈا نامی سرکاری تھنک ٹینک نے حکومت کو متعدد تجاویز بھی دی ہیں۔ ان میں سے ایک یہ ہے کہ حکومت سالانہ تنخواہ میں اضافے کو کارکردگی سے منسلک کرے اور پہلے سے طے شدہ ایک معیار تشکیل دے جس کی بنیاد پر کارکردگی کو جانچا جائے۔ یہ تجویز بھی دی گئی ہے کہ مراعات کے بدلے نقد رقم دی جائے تاہم تھینک ٹینک نے خبردار کیا ہے کہ اس کا طریق کار بہتر کیا جائے کیونکہ اس سے پہلے گاڑیوں کی مونیٹائزیشن ناکام رہی تھی کیونکہ اکثر افسران پیسے بھی لے لیتے تھے اور قواعد کی خلاف ورزی کر کے سرکاری گاڑیاں بھی استعمال کرتے تھے۔ تحقیق میں حکومت کو اپنے رہائشی اثاثے نہ رکھنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان کی بیوروکریسی اپنے نوآبادیاتی تاریخ سے خاصی متاثر ہے۔ برطانوی راج نے اپنی حکومت کے لیے جو وسیع بیوروکریسی کا نظام تشکیل دیا تھا اس نے نئی آزاد ریاست کے نظام کی فعالیت پر اثر ڈالا۔ تحقیق کے مطابق پاکستان کی 70 سالہ تاریخ میں سول سروس میں اصلاحات کے لیے 29 کمیشن بنائے جا چکے ہیں تاہم کسی ایک کمیشن سے بھی زیادہ بہتری نہیں آ سکی۔ زیادہ تر اصلاحات نے تنظیمی ڈھانچے اور ادائیگی کے ہجم میں تھوڑا بہت رد و بدل کیا مگر اصلاحات سے سرکاری شعبے کی کارکردگی میں بہتری نہ آ سکی۔

Back to top button