پاکستانی عوام کو دنیا کی سب سے سستی گیس مل رہی ہے
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ افغانستان کے 2 کروڑ 23 لاکھ افراد بھوک کا شکار ہیں، وہاں آٹے اور چاول کے لئے بچوں کو بیچا جارہا ہے ، پاکستانی عوام کو دنیا کی سب سے سستی گیس مل رہی ہے۔
میڈیا بریفنگ کے دوران فواد چوہدری نے کہا کہ افغانستان کے حوالے سے پاکستان نے ایک خصوصی فنڈ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ، افغانستان کے مسئلے پر او آئی سی کا اجلاس بھی بلانے کا فیصلہ کیا ہے ، پاکستان نے افغانستان کے ساتھ تجارت کے لئے سارے ٹیکس ختم کردیئے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ملک میں گیس کے ذخائر ختم ہورہے ہیں، پاکستانی عوام کو دنیا کی سب سے سستی گیس مل رہی ہے ، میڈیا ہر وقت مہنگائی کے بارے سنسنی پھیلا رہا ہے ، گیس پر دی گئی سبسڈی کا غلط استعمال کیا جا رہا ہے، مارچ کے بعد گیس بحران کم ہوجائے گا۔
فواد چوہدری نے کہا کہ پاک فوج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں، یہ نہیں ہوسکتا کہ ریاست مسلسل حالات جنگ میں رہے، اس وقت صرف سیزفائر پر بات ہورہی ہے۔
