پاکستان سے دہشتگردی کو ختم کر دیا

وزیراعظم عمران خان کی سپریم کورٹ میں سانحہ اے پی ایس کیس میں طلبی کے بعد وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے بعد آج ہماری زندگیاں معمول پر ہیں ، پاکستان سے دہشت گردی کو ختم کر دیا گیا ہے ، پی ٹی آئی کے 3 سال پرامن ترین ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ یہ وہ احترام ہے جو پی ٹی آئی کی حکومت اپنے اداروں کا کرتی ہے، وزیراعظم نے سپریم کورٹ میں پیش ہو کر عدالتی حکم کی تعمیل کی اور قانون کی حکمرانی کو نافذ کرکے دکھایا ،سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں عمل کر کے رپورٹ جمع کرائیں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے بعد آج ہماری زندگیاں معمول پر ہیں، پاکستان سے دہشت گردی کو ختم کر دیا گیا، نیشنل ایکشن پلان کے پیچھے پوری قوم کھڑی ہے، اور اس کا کریڈٹ سیاسی قیادت کو جاتا ہے ، سانحہ اے پی ایس پر پاکستان کے ہر شہری کا دل رنجیدہ ہے، سانحہ کے وقت ن لیگ برسراقتدار تھی، اور بہت آسان تھا کہ ہم اس وقت کی حکومت کو الزا م دیتے، لیکن ہم پاکستان کی قومی وحدت کو دیکھتے ہیں، پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں نے نیشنل ایکشن پلان بنایا۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے 3 سال پرامن ترین ہیں، ہم نے کورونا کا مقابلہ کیا، معاشی چیلنجز سے نمٹ رہے ہیں، پاکستان کی سیاسی قیادت کے دور اندیشانہ فیصلوں پر عمل کیا ، انٹیلی جنس کی ناکامی ہر ملک میں ہوتی ہے، یہ ناکامی نائن الیون واقعہ میں بھی ہوئی، 7 بمبار وائٹ ہاؤس کے سامنے ہوٹل میں 3 ماہ تک رہے لیکن کسی کو نہیں پتہ چلا، آج بھی ہم اسی نیشنل ایکشن پلان کو آگے لے کر چل رہے ہیں ۔

Back to top button