پاکستان نے بھارت کو ہرا کر ایشین جونیئر سکواش چیمپئن شپ جیت لی

پاکستان نے بھارت کو دو صفر سے شکست دے کر ہرا کر 21ویں ایشین جونیئر سکواش چیمپئن شپ اپنے نام کر لی ہے۔بھارت کے شہر چنئی میں کھیلی جانے والی چیمپئن شپ کے یکطرفہ فائنل میں ٹاپ سیڈ پاکستان نے میزبان ٹیم کو بآسانی شکست دے کر ایک مرتبہ پھر ایشیئن جونیئر اسکواش چیمپئن شپ کے دونوں اعزازات اپنے نام کرلیے۔
فائنل کے پہلے میچ میں ایشین جونیئر چیمپئن نورزماں نے اپنے حریف کو 1-3 سے قابو کیا جبکہ دوسرے مقابلے میں محمد حمزہ خان نے مدمقابل کو کسی دقت کے بغیر 0-3 سے ٹھکانے لگا کر پاکستان کو فتح دلوادی۔سیمی فائنل میں پاکستان نے ملائیشیا کو0-2 اور بھارت نے جنوبی کوریا کو 1-2 سے مات دی تھی۔
دریں اثناء سابق عالمی اسکواش چیمپیئن جہانگیر خان، جان شیر خان اور قمر زمان نے بھارت کو شکست دے کر ایشین جونیئر ٹائٹل حاصل کرنے پر پاکستان اسکواش ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے اسے خوش آئند قرار دیا ہے۔
سکواش کے عظیم کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ ایک طویل عرصے کے بعد سکواش کے حوالے سے پاکستان کے لیے اچھی خوشخبری سامنے آئی ہے، امید ہے کہ اگر ہمارے نوجوان کھلاڑی اسی طرح محنت کرتے رہے تو پاکستان ایک مرتبہ پھر عالمی سطح پر اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے گا۔
دوسری جانب اسکواش فیڈریشن کی جانب سے پاکستانی کھلاڑیوں کے چیمپیئن شپ میں کامیابی کے باوجود ٹوئٹر اکاؤنٹ پر تاحال کوئی اَپ ڈیٹ جاری نہیں کی گئی۔
