پاکستان نے قدرتی آفات سے نمٹنے کا پلان IMF کو بتا دیا

پاکستانی حکومت نے قدرتی آفات سے نمٹنے کے چیلنج پر کام شروع کر دیا ہے، جبکہ اس سلسلے میں انٹرنیشنل مانیٹرنگ فنڈز IMF کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔

آئی ایم ایف کے مطابق پاکستان کو کئی قدرتی آفات کے خطرات کا سامنا ہے اور اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے حکومت پاکستان ایک ایکشن پلان پر کام کر رہی ہے۔

آئی ایم ایف حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی، زراعت اور فوڈ سکیورٹی پر30 ارب روپے خرچ کرے گا، پلان کے تحت اقوام متحدہ کے ماحولیاتی پروگرام سے پاکستان مدد لے گا، آئی ایم ایف کے مطابق پلان کے تحت پاکستان قدرتی آفات کے ممکنہ شکار کمزور شعبوں کو تحفظ فراہم کرے گا۔

یاد رہے کہ چند روز قبل پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان 3 ارب ڈالر کا معاہدہ طے پایا ہے اور اس حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں بتایا کہ آئی ایم ایف کا پروگرام کوئی حلوہ یا کھیر نہیں بلکہ عالمی مالیاتی فنڈ کی بہت کڑی شرائط ہیں۔

دوسری جانب آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ پاکستان کے لیے آئی ایم ایف کے ساتھ طے پانے والے معاہدے پر عمل درآمد ناگزیر ہے۔

Back to top button