پاکستان نے ہالی ووڈ فلموں والے جنگی جہاز تیار کر لیے

پاکستان ایئر فورس میں ایسے جنگی طیارے شامل کئے گئے ہیں جن سے چھوڑا جانے والا میزائل ہالی ووڈ فلموں میں دکھائے گئے مناظر کی طرح اپنے ٹارگٹ کا پیچھا کرتا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ حال ہی میں پاکستان فضائیہ میں شامل ہونے والے نئے جے ایف 17 بی ماڈل جنگی طیارے پاکستان کو علاقے میں مزاحمتی صلاحیت مزید بہتر بنانے میں مدد گار ثابت ہوں گے۔ اس جہاز کی رینج 150 کلومیٹر تک ہے اور اس سے داغا جانے والا میزائل اپنے ہدف کا بالکل ایسے ہی پیچھا کرتا ہے جیسے ہالی وڈ کی فلموں میں دکھایا جاتا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ جے ایف-17 تھنڈر نے اسی صلاحیت کی بدولت میزائل سے بالاکوٹ میں بھارتی فضائی حملے کے بعد انڈین فضائیہ کے مگ کو اپنی حدود میں گرایا تھا اور پائلٹ ابھی نندن کو گرفتار کیا تھا۔ جے ایف-17 تھنڈر طیاروں میں وہ جدید بی وی آر ریڈار نصب ہے جو رفال کی بھی بڑی خوبی گنی جاتی ہے۔ یہ طیارہ ہدف کو لاک کر کے میزائل داغنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ پاکستان ایروناٹیکل کامپلیکس نے پاکستان فضائیہ کے لئے جدید ترین لڑاکا طیارے جے ایف 17 کے بلاک 3 کی تیاری شروع کر دی گئی ہے جبکہ چین کے تعاون سے تیار کردہ 14 جے ایف 17 بی طیارے 30 دسمبر کو پاکستانی فضائیہ کے حوالے کر دیے گئے ہیں۔پاکستان ایئر فورس کے ترجمان احمر رضا کے مطابق پاکستان فضائیہ میں شامل ہونے والے نئے جے ایف 17 بی ماڈل طیاروں میں دو سیٹیں ہوتی ہیں اور یہ زیادہ تر تربیت کے لیے استعمال کیے جائیں گے تاہم ان میں موجود صلاحیتیں پہلے سے موجود جے ایف 17 طیاروں جیسی ہی ہیں۔ نئے طیاروں میں میزائل اور ریڈار بھی پرانے طیاروں جیسے ہیں، بس نئے ماڈل میں ایک سیٹ کا اضافہ کیا گیا ہے تاکہ دوسرا پائلٹ بھی بیٹھ سکے اور ہم ان طیاروں کو ٹریننگ میں استعمال کر یں گے۔ یہ جہاز ایئر فورس کی تربیتی ضروریات کو تو پورا کریں گے ہی لیکن یہ مکمل طور پر ہر طرح کے جنگی آپریشن کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں اور فورس کی آپریشنل صلاحیت میں اضافہ کریں گے۔
دفاعی امور کے ماہرین کے مطابق جے ایف تھنڈر طیارہ ایف-16 فیلکن کی طرح ہلکے وزن کے ساتھ ساتھ تمام تر موسمی حالات میں زمین اور فضائی اہداف کو نشانہ بنانے والا ہمہ جہت طیارہ ہے جو دور سے ہی اپنے ہدف کو نشانہ بنانے والے میزائل سے لیس ہے۔ جے ایف-17 تھنڈر زمین پر حریف کی نگرانی اور فضائی لڑائی کے ساتھ ساتھ زمینی حملے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔ یہ طیارہ فضا سے زمین، فضا سے فضا اور فضا سے سطحِ آب پر حملہ کرنے والے میزائل سسٹم کے علاوہ دیگر ہتھیار استعمال کرنے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔ دو سیٹیں ہونے کی وجہ سے پاکستان کے لئے اس جنگی طیارے کو مارکیٹ کرنا مزید آسان ہوجائے گا۔ جے ایف 17 بلاک تھری فورتھ جنریشن کے لڑاکا طیارے ہوں گے۔ بلاک تھری جے ایف 17 کا اگلا ورژن ہے۔ جس میں نئے ریڈار لگائے جائیں گے، اس ورژن کا جہاز نئے اور جدید ہتھیاروں اور میزائلوں سے بھی لیس ہوگا۔ الیکٹرانک وار فیئر کی صلاحیت کو بھی بڑھایا جائے گا اور ہر زاویے سے اس میں بہتری لائی جائے گی۔
