پاک بھارت شوبز شخصیات فلسطینیوں کی حمایت میں سامنے آ گئیں؟

اداکارہ ماہرہ خان، سونم کپور سمیت پاکستان اور بھارت کی شوبز شخصیات نے جنگ سے متاثر ہونے والے فلسطینیوں سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیل پر جنگ بندی کے لیے دبائو ڈالنے کا مطالبہ کیا ہے اور جوابی کارروائیوں کی بھرپور مذمت کی، غزہ حکام کے مطابق اسرائیل کے جوابی حملوں میں اب تک کم از کم 2 ہزار سے زائد فلسطینی جاں بحق ہو چکے ہیں جن میں زیادہ تر بچے شامل ہیں، اس کے علاوہ ایک ہزار سے زائد فلسطینی زخمی ہیں، یہی نہیں بلکہ اسرائیل کے جوابی حملوں کے نتیجے میں ایک ہزار سے زائد افراد لاپتا ہیں، اور لاکھوں افراد بے گھر ہوچکے ہیں۔اداکار عثمان خالد بٹ نے سماجی پلیٹ فارم ایکس پر غیر جانبدارانہ موقف برقرار رکھنے اور اسرائیل کے جرائم کو نظر انداز کرنے والے عالمی رہنماؤں کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا، انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے نسل کشی اور جنگی جرائم کے کئی شواہد موجود ہیں، اسرائیل کا جھوٹ بے نقاب ہو رہا ہے۔اداکارہ اُشنا شاہ نے بھی جسٹن ٹروڈو کی ٹوئٹ شئیر کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں شرمندہ ہوں کہ میں نے کبھی اس بزدل شخص کی حمایت کی تھی، ماہرہ خان نے ایکس پر فلسطینی بچے کی تصویر شئیر کی جس میں بچہ فلسطین کا پرچم اوڑھے کھڑا ہے اور اس کے سامنے بمباری سے شعلے اٹھ رہے ہیں۔پوسٹ کے ساتھ لکھا کہ ’’کاش بم گرنے پر میں تمہیں اپنے دل میں چھپا سکتا‘‘، ماہرہ خان نے یہ پوسٹ ری ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’ کاش، کاش ،کاش۔اداکار سرمد کھوسٹ، فہد مرزا، اشا شاہ، صبا قمر اور دیگر شخصیات نے بھی فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے پیغامات شیئر کیے، اداکارہ سونم کپور نے بھی حیران کن طور پر فلسطین سے اظہار یکجہتی کرنے والی پوسٹ شئیر کی، یاد رہے کہ بھارت نے غزہ میں ہونے والی حالیہ کشیدگی میں اسرائیل کی حمایت کی ہے، سونم کپور نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شئیر کی جس میں لکھا تھا کہ ’غزہ میں نصف آبادی بچوں کی ہے۔اس کے علاوہ انہوں نے مصنف نکولس کرسٹوف کے الفاظ شئیر کیے جس میں لکھا تھا کہ اگر ہم اسرائیلی بچوں کے لیے اخلاقی ذمہ داری کے پابند ہیں تو ہم فلسطینی بچوں کے لیے بھی اسی اخلاقی ذمہ داری کے پابند ہیں، دونوں کی زندگیوں کی یکساں قدر کرنی چاہئے، اگر آپ اسرائیل اور غزہ میں سے صرف ایک کمیونٹی کے لوگوں کی زندگی کی پرواہ کرتے ہیں تو حقیقت میں آپ کو انسانی زندگی کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔

Back to top button