پاک بھارت میچ کیلئے ریزرو ڈے پر بنگلادیشی بورڈ کا وضاحتی بیان

ایشیاکپ کے سپر فور مرحلے میں بارش کی صورت میں پاک بھارت میچ کیلئے ریزرو ڈے رکھنے پر بنگلادیش کرکٹ  بورڈ نے  وضاحتی بیان جاری کر دیا۔

سری لنکا میں شدید بارشیں جاری ہیں اور سری لنکا کے محکمہ موسمیات نے آئندہ کچھ روز تک مزید بارشوں کی پیشگوئی کر رکھی ہے، اتوار کو ہونے والے پاک بھارت میچ میں بھی بارش کا امکان ہے جبکہ ٹورنامنٹ کا فائنل بھی بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

جمعہ کو پاکستان کرکٹ بورڈ کی کوشش رنگ لے آئیں اور ایشین کرکٹ کونسل( اے سی سی) نے پاکستان اور بھارت کے درمیان اتوار کو ہونے والے ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے میچ کے ریزرو ڈے کے لیے ہاں کر دی۔

پاکستان نے بارش کی پیشگوئی اور ایونٹ کی ری شیڈولنگ کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا تھا اور اب پی سی بی کے تحفظات اور اعتراضات کے بعد اے سی سی نے ریزرو ڈے کا فیصلہ کیا ہے۔

تاہم بھارتی میڈیا کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ  پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کے لیے بارش کی صورت میں ریزرو ڈے (اضافی دن) رکھنے پر بنگلادیش اور سری لنکن کرکٹ ٹیم کے کوچز نے برہمی کا اظہار کیا ہے۔

پاک بھارت میچ سے قبل ہفتے کو سری لنکا اور بنگلادیش نے ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں آمنے سامنے ہونا ہے اور اگر اس میچ میں بارش ہوگئی تو اس حوالے سے کوئی ریزرو ڈے نہیں رکھا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سری لنکا کے ہیڈ کوچ کرس سلور ووڈ اور بنگلا دیش کے ہیڈ کوچ چندیکا ہتھورو سنگھا ایشیا کپ میں صرف بھارت اور پاکستان کے سپر فور مرحلے کے میچ کے لیے ریزرو ڈے رکھنے کے ایشین کرکٹ کونسل کے فیصلے سے بالکل خوش نہیں ہیں۔

بنگلادیش کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ نے جمعہ کو پری میچ پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ایشیا کپ کی ٹیکنیکل کمیٹی ایونٹ میں شریک تمام ممالک کی نمائندگی کرتی ہے، یہ فیصلہ کسی اور وجہ سے کیا گیا ہوگا۔

بنگلادیشی کوچ نے امکان ظاہر کیا کہ ہم سے اس فیصلے کے بارے میں کوئی مشاورت نہیں کی گئی،ہم بھی چاہیں گے کہ بارش کی صورت میں ہمیں بھی ریزرو ڈے ملے۔

تاہم اب  پاک بھارت میچ کیلئے ریزرو ڈے رکھنے پر بنگلادیشی بورڈ نے وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے ‘پاکستان انڈیا میچ کے لیے ریزرو ڈے کا فیصلہ تمام ٹیموں اور اے سی سی کی رضامندی سے کیا گیا ہے’۔

بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے کہا کہ ایشیا کپ کی پلیئنگ کنڈیشنز کو از سر نو مؤثر بنایا گیا ہے۔

Back to top button