پاکستانی فوج کا تربیتی طیارہ گجرات میں گر کر تباہ، 2 پائلٹ شہید

پاکستانی فوج کا مشاق طیارہ پنجاب کے شہر گجرات میں گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں اس میں سوار دونوں پائلٹ شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے جاری کردہ بیان کے مطابق طیارہ معمول کی تربیتی پرواز پر تھا جو آج صبح گجرات کے قریب گر کر تباہ ہوا۔ بیان میں مزید بتایا گیا کہ تباہ ہونے والے طیارے میں سوار دونوں پائلٹس شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق میجر عمر انسٹرکٹر پائلٹ تھے اور گجرات کے ہی رہائشی تھے، ان کے سوگواروں میں ان کی بیوہ شامل ہیں۔شہید ہونے والے دوسرے پائلٹ لیفٹیننٹ فیضان تھے جو طیارہ اڑانے کی تربیت حاصل کررہے تھے۔
گجرات میں پاک فوج کا طیارہ گرنے کی ویڈیو سامنے آگئی ہے۔ 13اپریل کی صبح پاک فوج کا طیارہ مشاق گجرات کے قریب گر کر تباہ ہو گیا تھا ، جس میں دو پائلٹ شہید گئے تھے۔ تاہم اب اس طیارے کے گرنے کی ویڈیو منظر عام پر آ گئی ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ طیارہ تھوڑی دیر جھولنے کے بعد یکدم نیچے آجاتا ہے ، موبائل فوٹیج میں شہری کی بات سے اندازا لگایا جا سکتا ہے کہ طیارے یکدم زمین پر گرا، جسے ویڈیو میں بھی دیکھا جا سکتاہے۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ حادثے میں انسٹرکٹر مینجر عمر اور تربیتی پائلٹ لیفٹیننٹ فیضان شہید ہو گئے۔ میجر عمر کا تعلق گجرات جبکہ لیفٹیننٹ فیضان کا تعلق کلرکہار سے تھا۔ طیارہ معمول کے مطابق پرواز پر تھا ، گر کر تباہ ہو گیا ، دو پائلٹ شہید ہو گئے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل فوجی طیارے کا حالیہ حادثہ گزشتہ ماہ مارچ میں پیش آیا تھا، جس میں 23 مارچ کی ریہرسل کے دوران ایف 16 طیارہ گر کر تباہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں ونگ کمانڈر نعمان اکرم شہید ہوئے تھے۔
یاد رہے گزشتہ برس 30 جولائی کو پاک فوج کا طیارہ راولپنڈی کے علاقے موہڑہ کالو میں گر کر تباہ ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں 2 فوجی افسران، عملے کے 3 افراد سمیت 17 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔
پاک فوج کے جاری بیان میں مزید کہا گیا تھا کہ طیارہ رہائشی علاقے میں حادثے کا شکار ہوا تھا جس کے نتیجے میں 12 شہری جاں بحق جب کہ دیگر 12 زخمی ہوگئے تھے۔
قبل ازیں 14 اپریل 2017 کو وبہ پنجاب کے شہر جہلم میں پاک فوج کا تربیتی طیارہ درخت سے ٹکرا کر گرگیا تھا تاہم حادثے میں دونوں پائلٹ محفوظ رہے۔
