پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 50روپے لیٹر اضافے کا امکان

وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید 50سے 55روپے لیٹر اضافے کا عندیہ دے دیا۔ وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے اشارہ دیا ہے کہ اگر عالمی مالیاتی فنڈ (IMF) سے ریلیف نہ ملا تو حکومت آئندہ جمعہ تک پیٹرول اور ڈیزل پر 50 سے 55 روپے تک اضافی لیوی عائد کرسکتی ہے۔

ایک انٹرویو میں وزیر پیٹرولیم کا کہنا تھا کہ حکومت مسلسل آئی ایم ایف سے رابطے میں ہے اور کوشش کی جا رہی ہے کہ عوام پر مزید مالی بوجھ نہ ڈالا جائے۔ تاہم اگر مذاکرات کامیاب نہ ہوئے تو معاہدے کی شرائط پوری کرنے کیلئے سخت فیصلے ناگزیر ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ حالیہ بحران کے دوران حکومت نے تیل کی فراہمی کو یقینی بنایا اور کسی قسم کی قلت پیدا نہیں ہونے دی، حالانکہ ملک کے پاس محدود ذخائر موجود تھے۔ صوبوں کے تعاون سے تقریباً 100 ارب روپے خرچ کر کے عوام کو ریلیف دیا گیا۔

وزیر پیٹرولیم کے مطابق اس وقت ڈیزل پر لیوی صفر ہے جبکہ اس کا بوجھ پیٹرول پر منتقل کیا جا چکا ہے۔ عالمی قیمتوں کے مقابلے میں پاکستان میں ڈیزل نسبتاً سستا ہے، جبکہ معیشت کے استحکام کیلئے بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے ساتھ تعاون ناگزیر ہے۔

Back to top button