پنجاب اسمبلی، سابق وزرائےاعلیٰ کیلئے مراعات میں ترمیم کا بل منظور

پنجاب اسمبلی نے سابق وزرائےاعلیٰ کے لیے سرکاری گاڑی، مناسب سکیورٹی اور ضروری اسٹاف فراہم کرنے اور دیگر مراعات میں ترمیم کا بل منظور کر لیا۔
صوبائی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر واثق قیوم عباسی کی صدارت میں ہوا جس میں حکومت کی جانب سے پنجاب منسٹرزبل 2022 پیش کیا گیا، بل مسرت جمشید چیمہ نے ایوان میں پیش کیا۔
ایوان میں پنجاب حکومت نے اپوزیشن کے احتجاج اور شور شرابے کے باوجود پنجاب منسٹرزبل 2022 منظورکرا لیا۔بل کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ کو اب سرکاری گاڑی، مناسب سکیورٹی اور ضروری اسٹاف فراہم کیا جائے گا۔
پاکستان مسلم لیگ ن نے حمزہ شہباز کے دور میں قانون میں ترمیم کر کے یہ مراعات ختم کر دیں تھی لیکن پنجاب اسمبلی نے اب یہ بل دوبارہ منظور کر کے مراعات بحال کر دیں۔
اس ضمنی میں اپوزیشن کا کہنا تھا کہ ہمیں کچھ معلوم نہیں حکومت نے کیا بل منظور کرایا ہے تاہم اپوزیشن رکن خلیل طاہر سندھو نے دعویٰ کیا کہ وزرا کی تنخواہوں میں اضافہ کر دیا ہے۔
اس کے علاوہ پنجاب اسمبلی نے اردو زبان کے حوالے سے بل بھی منظور کر لیا جس کے تحت اردو زبان کو اردو الفاظ میں ہی لکھا جائے اور اردو کو رومن انگریزی لکھنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
ڈپٹی اسپیکر واثق قیوم عباسی نےایجنڈامکمل ہونےپرپنجاب اسمبلی کااجلاس بدھ سہ پہر3 بجےتک ملتوی کردیا۔
