پنجاب میں ہوٹل اور ریسٹورنٹس کے اندر کھانا کھانے پر پابندی عائد

پنجاب حکومت نے ہوٹل اور ریسٹورنٹس کے اندر کھانا کھانے پر پابندی عائد کر دی۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر کی طرح پنجاب میں بھی کورونا وائرس کی دوسری لہر خطرناک شکل اختیار کر چکی، اسی باعث صوبائی محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ نے اہم اعلان کیا ہے۔ وائرس کے پھیلاو کو روکنے کیلئے صوبے بھر کے ہوٹل اور ریسٹورنٹس کے اندر کھانا کھانے پر پابندی عائد کر دی گئی، محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ ہوٹل اور ریسٹورنٹس کو کھلی اور پر فضاء جگہ پر ڈائننگ کا انتظام کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 75 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 8 ہزار 166 ہوگئی۔ ملک بھر میں کورانا کے 2829 کیسز رپورٹ ہوئے جب کہ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 4 لاکھ 3 ہزار 311 ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 829 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 20 ہزار 356، سندھ میں ایک لاکھ 75 ہزار 642، خیبر پختونخوا میں 47 ہزار 701، بلوچستان میں 17 ہزار 215، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 667، اسلام آباد میں 30 ہزار 748 جبکہ آزاد کشمیر میں 6 ہزار 982 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 55 لاکھ 84 ہزار 976 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 35 ہزار 197 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 3 لاکھ 45 ہزار 365 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جب کہ 2 ہزار 244 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ پاکستان میں یومیہ بنیاد پر جاں بحق ہونے والے مریضوں کی تعداد 4 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی۔ اس صورتحال میں ملک بھر میں ہر ممکن اور سخت پابندیاں عائد کی جا رہی ہیں۔ حکومت کی جانب سے مہلک وبا کی روک تھام کیلئے ایس او پیز پر سختی سے عمل کروانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button