پنجاب کے تعلیمی اداروں کےلیے ایس او پیز جاری

محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب نے صوبے کے تعلیمی اداروں کے حوالے سے ایس او پیز کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔
پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئرپنجاب کی طرف سےجاری ایس او پیز میں کہا گیا ہے کہ مارننگ اسمبلی، اِن ڈور گیمز، جھولوں، سلائیڈز، کھیلوں کی سرگرمیوں، سیمینارز، تقریری مقابلوں، کھیلوں کے مقابلوں اور ٹورنامٹس منعقد کرانے پر پابندی ہوگی۔
نوٹی فکیشن کے مطابق ماسک پہننا لازمی ہوگا، اسکول بسوں میں کل گنجائش کا 50 فیصد استعمال کرنا ہوگا اور ہاسٹلز کی سہولت کیلئے صرف 30 فیصد گنجائش استعمال کی جائے گی جب کہ طلبہ کو صابن اور ہینڈ سینیٹائزر کی فراہمی یقینی بنانا ہوگی۔ اس کے علاوہ سانس کی تکلیف میں مبتلا طالب علموں اور اسٹاف کو گھروں تک محدود رکھا جائے گا۔
نوٹی فکیشن میں یہ ہدایت بھی کی گئی ہےکہ تعلیمی سرگرمیاں شروع کرنے سے 3 دن قبل تعلیمی اداروں کی جامع صفائی اور ڈس انفیکٹ کیا جائے، تعلیمی اداروں کو روزانہ کی بنیاد پربھی ڈس انفیکٹ کیا جائے، 6 فٹ کا سماجی فاصلہ لازمی رکھا جائے۔ نوٹی فکیشن میں مزید کہا گیا ہےکہ طالب علم ہاتھ ملانے کی پابندی پر عمل کریں، اسکولوں میں داخلے اور چھٹی کے وقت سماجی فاصلہ لازمی رکھا جائے، اساتذہ لیکچر دیتے وقت بھی سماجی فاصلہ اپنائیں، طالب علم اپنا دوپہر کا کھانا گھر سے لائیں، تعلیمی اداروں میں تمام بچوں کا تھرمل گن سے ٹمریچر چیک کیا جائےاور تمام طالب علموں کی الگ الگ ہیلتھ لاگ بک تیار کی جائے۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت اور چاروں صوبوں کے درمیان 15 ستمبر سے اسکول کھولنے پر اتفاق کیا گیا ہے تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ 7 ستمبر کو کیا جائے گا۔
