پیمرا نے ایک مرتبہ پھر چینل 24 کا لائسنس معطل کر دیا

پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی(پیمرا) نے 10محرم الحرام کی خصوصی نشریات کے دوران قابل اعتراض مواد نشر کرنے پر 24نیوز کا لائسنس فوری طور پر معطل کردیا ہے۔
اس سے قبل پیمرا نے محرم الحرام کے حوالے سے خصوصی ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے تمام ٹی وی چینلز کو ہدایت کی تھی کہ وہ کوئی بھی ایسا مواد نشر نہ کریں جو قابل اعتراض یا فرقہ واریت پر مبنی ہو یا جس سے بین المذاہب ہم آہنگی کو ٹھیس پہنچے۔
پیمراکی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ میسرز سینٹرل میڈیا نیٹ ورک پرائیویٹ لمیٹیڈ(24 نیوز) نے قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے 10محرم الحرام کی خصوصی نشریات کے دوران قابل اعتراض مواد بغیر کسی ایڈیٹوریل کنٹرول کے نشر کیا۔پیمرا نے معاملے کو قوانین کی صریحاً خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے 24نیوز کا لائسنس پیمرا آرڈیننس کے سیکشن 30(3) کے تحت فوری طور پر معطل کردیا ہے کیونکہ نشر کیے گئے مواد سے ملک میں نقص امن کا خدشہ ہے۔
اس کے علاوہ 24نیوز کو اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کرتے ہوئے 14روز میں جواب بھی طلب کیا گیا ہے اور انہیں ذاتی شنوائی کا موقع بھی فراہم کیا گیا ہے لیکن کارروائی کی تکمیل تک چینل کا لائسنس معطل رہے گا۔
پیمرا نے 10 محرم الحرام کی خصوصی ٹرانسمیشن کے دوران نفرت انگیز مواد نشر کرنے پر 24 نیوز کا لائسنس فوری طور پر معطل کر دیا pic.twitter.com/Dk5WQJHRIL
— Report PEMRA (@reportpemra) August 30, 2020
یہ پہلا موقع نہیں کہ پیمرا نے چینل24 کا لائسنس معطل کیا ہو بلکہ اس سے قبل بھی قوانین کی خلاف ورزی پر ادارے کو پیمرا کی جانب سے کارروائی اور معطلی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔گزشتہ ماہ تین جولائی کو قانون کی مبینہ خلاف ورزی پر چینل ’24 نیوز’ کا لائسنس معطل کردیا گیا تھا۔پیمرا نے لائسنس اس لیے معطل کیا تھا کیونکہ ویلیو ٹی وی چینل پر انٹرٹینمنٹ سے متعلق مواد چلانے کی مجاز تھی، تاہم اس نے تمام قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر ’24 نیوز’ کے نام سے نیوز اور حالات حاضرہ پر مبنی مواد نشر کر رہی تھی۔
یہ بھی یاد رہے کہ رواں سال 7 مئی کو پیمرا نے تنبیہ کے باوجود غیرقانونی نیوز و کرنٹ افیئرز پروگرام نشر کرنے پر نیو ٹی وی کے لائسنس کو فی الفور معطل کردیا تھا۔30 اپریل کو پیمرا نے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر نیو ٹی وی پر 10 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کردیا تھا۔
