پی ایس ایل 2021: پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 189 رنز کا ہدف دے دیا

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2021 کے 13 ویں میچ میں کراچی کنگز کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پشاور زلمی نے ابتدائی طور پر ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے باوجود مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں پر 188 رنز بنا کر ایک معقول ہدف دے دیا۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور پشاور زلمی کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ پشاور زلمی کی جانب سے کامران اکمل نے جارحانہ آغاز ضرور کیا لیکن وہ دیر پا ثابت نہیں ہوا اور وہ 17 گیندوں کے مہمان ثابت ہوئے، وکٹ کیپر بلے باز 4 چوکوں کی مدد سے 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ کراچی کنگز کی جانب سے پہلا میچ کھیلنے والے عباس آفریدی نے زلمی کی پہلی وکٹ حاصل کی۔زلمی کے دوسرے اوپنر ٹام کوہلر بھی زیادہ دیر وکٹ پر ٹھہر نہیں سکے اور ایک مرتبہ پھر کم اسکور پر آؤٹ ہوئے، عباس آفریدی نے انہیں 33 کے اسکور پر شرجیل کے ہاتھوں کیچ کروایا جبکہ وہ 10 رنز پر کھیل رہے تھے۔تجربہ کار آل راؤنڈر شعیب ملک بھی ایک رن کے اضافے کے بعد محمد الیاس کی وکٹ بن گئے، یوں پشاور زلمی کی 3 وکٹیں 34 رنز پر گر گئیں۔ٹیم جب شدید دباؤ کا شکار تھی تو حیدر علی اور روی بوپارا نے ذمہ داری سنبھالی اور شراکت میں اسکور 69 رنز تک پہنچایا۔حیدر علی صرف 9 رنز بنا سکے اور انہیں کرسٹیان نے آؤٹ کیا جب کہ عباس آفریدی نے کیچ لیا۔ زلمی کو گزشتہ میچ میں کامیابی دلانے میں اہم کردار ادا کرنے والے شرفین روتھرفورڈ نے روی بوپارا کا بھرپور ساتھ دیا اور اسکور 151 تک پہنچایا۔ روتھر فورڈ کی 32 گیندوں پر 46 رنز کی اننگز میں 3 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے اور انہیں محمد الیاس نے آؤٹ کیا۔ وہاب ریاض کی عدم موجودگی میں پشاور زلمی کی قیادت سینئر کھلاڑی شعیب ملک کر رہے ہیں جب کہ وہاب ریاض کو آرام دیا گیا ہے، اس کے علاوہ زلمی کی ٹیم میں مزید 3 تبدیلیاں بھی کی گئی ہیں۔
دوسری جانب کراچی کنگز کی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے اور باؤلر وقاص مقصود کی جگہ عباس آفریدی کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا۔ اسی طرح زلمی کی ٹیم میں روی بوپارا، عماد بٹ اور محمد عرفان کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جبکہ امام الحق اور وہاب ریاض آج کے میچ میں شامل نہیں ہیں۔دونوں ٹیموں کی اگر اب تک کی ایونٹ کی کارکردگی کو دیکھتیں تو پشاور زلمی 4 میں سے 3 میچ جیت کر 6 پوائنٹس اپنے نام کرچکی ہے اور بہتر رن ریٹ کی وجہ سے پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے۔وہی کراچی کنگز نے ایونٹ میں 4 میں سے 2 میچز جیتے ہیں جب کہ 2 میں اس کو شکست کا سامنا کرنا پڑاہے اور اس وقت کراچی کی ٹیم 4 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر چوتھے نمبر پر ہے۔پی ایس ایل 6 میں ایک خاص بات یہ بھی ہے کہ ایونٹ کے آغاز سے لے کر اب تک جس بھی ٹیم نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے وہ میچ میں کامیاب ہوئی ہے اور ایونٹ میں 200 کے قریب تک کا ہدف چیز کیا گیا ہے۔ اب آج کے میچ میں دیکھنا ہے کہ کیا ٹاس جیت کر میچ جیتنے کا یہ سلسلہ جاری رہتا ہے یا پشاور فتح اپنے نام کرکے اس سلسلے کو روکنے میں کامیاب رہتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button