پی ایس ایل 6: کراچی کنگز کی دعوت پر پشاور زلمی کی بیٹنگ

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 6 کا میلہ جاری ہے اور آج کے پہلے میچ میں کراچی کنگز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں مدمقابل ہیں۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور پشاور زلمی کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
آج کے میچ میں پشاور زلمی کی کپتانی سینئر کھلاڑی شعیب ملک کر رہے ہیں اور وہاب ریاض کو آرام دیا گیا ہے جب کہ اس کے علاوہ زلمی کی ٹیم میں 3 تبدیلیاں بھی کی گئی ہیں۔ کراچی کنگز کی بات کریں تو اس میں ایک تبدیلی کی گئی ہے اور باؤلر وقاص مقصود کی جگہ عباس آفریدی کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔ اسی طرح زلمی کی ٹیم میں روی بوپارا، عماد بٹ اور محمد عرفان کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جب کہ امام الحق اور وہاب ریاض آج کے میچ میں شامل نہیں ہیں۔ دونوں ٹیموں کی اگر اب تک کی ایونٹ کی کارکردگی کو دیکھیں تو پشاور زلمی 4 میں سے 3 میچ جیت کر 6 پوائنٹس اپنے نام کرچکی ہے اور بہتر رن ریٹ کی وجہ سے پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے۔ وہی کراچی کنگز نے ایونٹ میں 4 میں سے 2 میچز جیتے ہیں جب کہ 2 میں اس کو شکست کا سامنا کرنا پڑاہے اور اس وقت کراچی کی ٹیم 4 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر چوتھے نمبر پر ہے۔ پی ایس ایل 6 میں ایک خاص بات یہ بھی ہے کہ ایونٹ کے آغاز سے لے کر اب تک جس بھی ٹیم نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے وہ میچ میں کامیاب ہوئی ہے اور ایونٹ میں 200 کے قریب تک کا ہدف چیز کیا گیا ہے۔ اب آج کے میچ میں دیکھنا ہے کہ کیا ٹاس جیت کر میچ جیتنے کا یہ سلسلہ جاری رہتا ہے یا پشاور فتح اپنے نام کرکے اس سلسلے کو روکنے میں کامیاب رہتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button