پی ٹی آئی رہنمائوں پر آرٹیکل 6 کے تحت مقدمات کی تیاری کر رہے ہیں

حکومت پنجاب نے پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف آئین کے آرٹیکل 6 اور ہتک عزت کے قانون کے تحت مقدمات کے اندراج کےلیے وفاقی حکومت سے مشاورت شروع کردی ہے۔

صوبائی کابینہ اور پنجاب اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے حوالے سے ایوان وزیراعلیٰ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور ملک احمد خان نے کہا ہم نے پی ٹی آئی رہنماؤں کیخلاف کارروائی کے لئے کسی ریاستی ادارے سے اجازت نہیں لینی کیونکہ تمام ثبوت و شواہد موجود ہیں،فواد چودھری، قاسم سوری، عمر سرفراز چیمہ سمیت دیگر آئین شکنی کے مرتکب ہوئے ہیں، ان کیخلاف آرٹیکل 6 کی کارروائی ہونی چاہیئے جبکہ جھوٹی خبریں پھیلانے والوں کیخلاف ہتک عزت کے قانون کے تحت مقدمات چلانے پر غور کر رہے ہیں۔

اس موقع پر وزیر داخلہ عطاء اللہ تارڑ نے عمران خان پر تنقید کے نشتر چلاتے ہوئے کہا کہ عمران نیازی اب بھی خیبر پختونخوا حکومت کے پیسوں پر پل رہے ہیں ، انہوں نے وزیراعظم اور وزیراعلی کے اختیارات اپنی اہلیہ اور فرح گوگی کو دے رکھے تھے، ابھی ہم نے کیس بنائے نہیں اور وہ ضمانتیں کرواتے پھر رہے ہیں، اگر ہم نے کیس بنائے تو ان کا کیا حال ہوگا۔

انکاکہنا تھا پی ٹی آئی والے مستعفی ہونے کے اعلان کے باوجود تنخواہوں اور میڈیکل بلوں کے لئے اسپیکر قومی اسمبلی کی منتیں کرتے ہیں، ان میں ذرا سی شرم و حیا ہونی چاہیئے۔

صوبائی وزیر خزانہ سرداراویس لغاری نے نئے بلدیاتی نظام میں یونین کونسل تک کو مالی طور پر خودمختار بنانے کا دعوی کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا بلدیاتی نظام ایک انقلابی اقدام ہو گا۔

انکا کہنا تھا ہمارا بلدیاتی نظام ملکی تاریخ کا سب سے بہترین نظام ہوگا جس سے عوامی مسائل عوام کی دہلیز پر حل ہوا کریں گے، پرامن احتجاج کی اجازت ہے لیکن بغیر اجازت کے اتوار کو لاہور میں سڑکیں بند کر کے امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی کوشش کو سختی سے نمٹا جائے گا۔

Back to top button