پی ٹی آئی نے مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت کےلیے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا

پی ٹی آئی نے مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت کےلیے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا۔
گزشتہ روز پی ٹی آئی سینٹرل پنجاب کےسینئر نائب صدر کی جانب سےڈی سی لاہور کو مینار پاکستان پر جلسے کےلیے درخواست جمع کرائی گئی تھی تاہم اب پی ٹی آئی نے لاہور میں جلسے کےلیے لاہور ہائی کورٹ میں نئی درخواست دےدی ہے۔
رہنما پی ٹی آئی اکمل خان باری نے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہے جس میں پنجاب حکومت اور ڈپٹی کمشنر لاہور سمیت دیگر کو فریق بنایاگیا ہے۔درخواست میں مؤقف اختیار کیاگیا ہےکہ 5 اکتوبر کو عمران خان کی سالگرہ ہے اس لیے مینار پاکستان کےگراؤنڈ میں جلسے کی اجازت دی جائے۔
دائر درخواست میں یقین دہانی کروائی گئی ہےکہ جلسے کےشرکاء قانونی ضابطوں پر مکمل عمل کریں گے۔
یادرہے کہ ہفتے کو پی ٹی آئی نے لاہور میں کاہنہ کےمقام پر جلسہ کیا تھا لیکن جلسےکا وقت ختم ہوتےہی اسے روک دیاگیا تھااور پولیس نے مائیک اورلائٹس بند کرادی تھیں۔
