پی ٹی وی کی خاتون اینکرز نے اچانک حجاب کیوں اوڑھ لیا؟

افغانستان میں طالبان کی جیت کے بعد افغان ٹی وی پر خبریں سنانے والی خاتون نیوز اینکرز نے حجاب کیا اوڑھا، پاکستان ٹیلی ویژن پر کام کرنے والی کئی خواتین نیوز اینکرز نے بھی حجاب پہننا شروع کر دیا ہے۔ اس حوالے سے سوشل میڈیا پر بحث جاری ہے اور پاکستان ٹیلی وژن کی حجاب اوڑھے خواتین اینکرز کی تصاویر شیئر کی جا رہی ہیں۔ سوشل میڈیا پر یہ سوال بھی کیا گیا کہ کیا ایسا کر کے پاکستان میں بھی طالبان کو خوش آمدید کہنے کی تیاری شروع کر دی گئی ہے؟ اس سوال۔کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان ٹیلی وہژن کی خواتین اینکرز کو حجاب کرنے کی ہدایات حکومت کی جانب سے نہیں دی گئی ہیں۔ فواد چودھری نے کہا کہ اگر کوئی خاتون اینکر اپنی مرضی سے ایسا کر رہی ہے تو یہ اسکا انفرادی عمل ہے اور اس میں کوئی حکومتی دباؤ شامل نہیں ہے۔
اس سے پہلے سرکاری ٹی وی پر خواتین اینکرز کی جانب سے حجاب پہننے کے بعد بعض سوشل میڈیا صارفین نے دعویٰ کیا تھا کہ خواتین کو حکومت نے ایسا کرنے کی ہدایات دی ہیں۔ صارفین نے دعویٰ کیا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کی خواہش پر ہی متعلقہ حکام نے پی ٹی وی کی خواتین اینکرز کو حجاب پہننے کی ہدایات دی ہیں۔
صارفین کے ایسے دعوے کے بعد چوہدری فواد حسین نے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ حکومت یا وزیر اعظم نے ایسی کوئی ہدایات جاری نہیں کیں۔فواد چوہدری نے پی ٹی وی اینکرز کی حجاب کے ساتھ تصاویر کی ایک ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے واضح کیا کہ انکی وزارت یا حکومت نے ایسی کوئی ہدایات جاری نہیں کیں۔ چوہدری فواد کے مطابق خواتین اینکرز کی جانب سے حجاب پہننا یا نہ پہننا ان کی ذاتی پسند ہے، حکومت نے اس طرح کے کسی ڈریس کوڈ کا حکم نہیں دیا۔ وفاقی وزیر کے مطابق پی ٹی وی کے اینکرز و پریزنٹر لباس کی پسند کے معاملے میں آزاد ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین کے دعوؤں کے برعکس اگر پی ٹی وی کی خواتین میزبانوں کے حجاب پہننے یا پہننے کا جائزہ لیا جائے تو معلوم ہوگا کہ اگر کچھ خواتین نے حجاب پہنا ہے تو کئی اینکرز نے حجاب پہنے بغیر اسکرین پر اپنی ذمہ داریاں سر انجام دیں۔ پی ٹی وی کے آفیشل ٹوئٹر اکائونٹ پر گزشتہ دو دن سے جاری کی گئی تازہ ویڈیوز میں بعض خواتین اینکرز کو حجاب کے بغیر بھی دیکھا جا سکتا ہے۔ ماضی میں بھی پی ٹی وی کی خواتین اینکرز سر پر دوپٹہ رکھنے سمیت ملکی روایات و ثقافت کے مطابق لباس پہنتی دکھائی دیتی رہی ہیں، تاہم پہلی بار پی ٹی وی کی اینکرز کے حجاب کرنے پر الزامات عائد کیے جا رہے ہیں۔
پی ٹی وی کی میزبان خواتین کی جانب سے حجاب کرنے کے معاملے کو ایسے وقت میں تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جب کہ حال ہی میں پڑوسی ملک افغانستان مین طالبان نے حکومت کا کنٹرول سنبھالا ہے اور وہاں خواتین اینکرز و صحافی حجاب اور پردے میں دکھائی دے رہی ہیں۔
