چاہت فتح علی خان بھی وزیراعظم بننے کی امیدوار نکلے

گانے کے منفرد انداز سے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے چاہت فتح علی خان نے پاکستان کا وزیر اعظم بننے اور ملک میں حقیقی تبدیلی لانے کی خواہش کا اظہار کر دیا۔

سوشل میڈیا پر چاہت فتح علی خان کے نام سے شہرت پانے والے منفرد گلوکار کا اصل نام کاشف رانا ہے۔ سوشل میڈیا پر ان کئی تفریحی ویڈیوز وائرل ہوچکی ہیں۔ جس کی وجہ سے وہ راتوں رات صارفین میں مقبول ہوچکے ہیں۔انہوں نے پاکستان میں ہونے والے کرکٹ ٹورنامنٹ کے موقع پر اپنا ایک تفریحی گانا ریلیز کیا تھا، جس پر صارفین نے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا، تاہم اس کے باوجود یہ ویڈیو لاکھوں میں دیکھی گئی۔اسی طرح جب معروف بھارتی گلوکارہ لتا منگیشر کر انتقال ہوا تو اس موقع پر بھی انہوں نے ایک ویڈیو میں انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ ان کی یہ ویڈیو بھی خاصی وائرل ہوئی۔

چاہت فتح علی خان نہ صرف پاکستان میں فرسٹ کلاس کرکٹ کھیل چکے ہیں بلکہ لندن منتقل ہوجانے کے بعد بھی وہ کلب کرکٹ کھیلتے رہے ہیں۔ ان کا دعویٰ ہے کہ عاقب جاوید ان کی کپتانی میں کرکٹ کھیلتے رہے ہیں۔

اپنی منفرد اور دلچسپ ویڈیوز کے ذریعے وائرل ہونے والے چاہت فتح علی خاں نے اب ملک میں حقیقی تبدیلی کے لیے پاکستان کا وزیر اعظم بننے کی خواہشں کا اظہار کردیا ہے۔برطانیہ میں مقیم صحافی مرتضٰی علی شاہ نے چاہت فتح علی سے ہوئی گفتگو پر مبنی ٹوئٹ شیئر کی ہے۔ جس کے مطابق چاہت فتح علی خان نے پاکستان ڈیولپمنٹ پارٹی کے نام سے اپنی سیاسی پارٹی تشکیل دی تھی۔ وہ اب اپنی پارٹی کے ایجنڈے کو عملی شکل دینا چاہتے ہیں اور اس کے لیے پاکستان کے وزیر اعظم بننے کے بھی خواہشند ہیں۔ علاوہ ازیں وہ بھی پاکستان میں حقیقی تبدیلی کے دعویدار ہیں۔

چاہت فتح علی خان نے دعویٰ کیا ہے کہ اس تبدیلی کے لیے ان کے لیے ان کے پاس پالان، ایجنڈا اور ویژن موجود ہے۔ وہ اپنی فیملی کے لیے نہیں پورے ملک کے لیے سوچتے ہیں۔انہوں ایک سوال کے جواب میں اس بات پر رضامندی کا اظہار کیا کہ اگر انہیں سلیکٹڈ وزیراعظم بھی بننا پڑا تو وہ اس کے لیے بھی تیار ہیں۔

قبل ازیں ایک انٹرویو میں اپنے کیریئرکے حوالے سے بتاتے ہوئے چاہت فتح علی خان نے کہا کہ گلوکاری کا شوق 1982 یا 1983 سے ہے جب انہوں نے شیخوپورہ میں ایک میوزک گروپ میں شمولیت اختیار کی تھی۔انہوں نے بتایا کہ اس وقت مجھے موقع نہیں ملا تھااس لیے میں نے گورنمنٹ کالج اور پھر پنجاب یونیورسٹی میں اپنی پڑھائی جاری رکھی۔لیکن چاہت فتح علی خان گزشتہ ایک سال سے گلوکاری کو بطور کیریئراپنا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ، ”میں جانتا تھا کہ میں ایک بہترین اداکار، پرفارمر، ماڈل اور گلوکار ہوں لہذا میں نے اپنے ٹیلنٹ کو اسکرین پر لانے کا فیصلہ کیا“۔

دیکھنے والوں کو اپنا اصل نام بتا کرحیران کرنے والے گلوکار نے مزید کہا کہ ، ”میرا اصل نام کاشف رانا ہے، تقریباً 7 سال قبل جب میں نے دوبارہ گانا شروع کیا تو اسے تبدیل کرلیا“۔چاہت علی خان کا دعوی ہے کہ انہوں نے پاکستان اور دیگر ممالک میں موسیقی کے بہت سے پروگراموں میں پرفارم کیا۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ وہ موسیقی کے تمام فارمیٹس میں گانے کا ماہر ہیں لیکن انہیں قوالی گانا سب سے زیادہ پسند ہےلندن میں رہنے والے چاہت فتح علی خان ’دی کنگ آف قوالی‘ نصرت فتح علی خان کے مداح اور انہیں اپنا روحانی استاد کہتے ہیں۔

Back to top button