چمن میں دھماکہ، قبائلی عبدالرؤف ترین رہنما زخمی

لیویز کے مطابق چمن کی تحصیل گلستان کے علاقے سیگئی بازار میں ہونے والے دھماکے میں قبائلی رہنما عبدالرؤف ترین کو نشانہ بنایا گیا۔ دھماکے کے فوری بعد لیویز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے جائے وقوع پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
لیویز حکام نے بتایا کہ دھماکا خیز مواد موٹرسائیکل میں نصب کیا گیا تھا جب کہ واقعے میں زخمی ہونے والے رہنما کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔
خیال رہے کہ 2 روز قبل یعنی 7 مارچ کو چمن میں ہی لیویز لائنز کے قریب بم دھماکے کے نتیجے میں 9 افراد زخمی ہوئے تھے۔
لیویز ذرائع نے بتایا تھا کہ بم دھماکے کا نشانہ لیویز کے رسالدار میجر نصیب اللہ تھے جو اپنی کار میں گارڈ کے ساتھ سفر کررہے تھے تاہم وہ محفوظ رہے تھے۔
واضح رہے کہ بلوچستان میں کافی عرصے سے شدت پسندوں کے نشانے پر ہے اور رواں سال کے دوسرے ماہ فروری میں 17 تاریخ کو کوئٹہ میں پریس کلب کے قریب احتجاج کے دوران خودکش دھماکے کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوگئے تھے۔
اس سے قبل بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں 9 فروری کو بم دھماکے میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کا ایک اہلکار شہید اور دیگر 5 زخمی ہوگئے تھے۔
قبل ازیں 10 جنوری کو بھی کوئٹہ کے علاقے سٹیلائٹ ٹاؤں کی مسجد میں دھماکے سے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس (ڈی ایس پی) امان اللہ سمیت 15 افراد جاں بحق اور 19 زخمی ہوگئے تھے۔
