چوہدری شجاعت سے محبت و احترام کا رشتہ مرتے دم تک قائم رہےگا

سپیکرپنجاب اسمبلی کے سپیکر و مسلم لیگ ق کے رہنما چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ چوہدری شجاعت سے محبت و احترام کا رشتہ ہے جومرتے دم تک قائم رہے گا۔
مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت اور سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے گجرات میں عید کی نماز ادا کی، اس موقع پروجاہت حسین، مونس الٰہی اور حسین الٰہی بھی ان کے ہمراہ تھے۔
گجرات میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ کہا کہ آج کا دن ہمیں قربانی کا درس دیتا ہے، ملک کے حالات بھی قوم سے قربانی کے متقاضی ہیں، قوم کو نااہل حکمرانوں سے نجات کیلئے 17 جولائی کو بلے کو ووٹ دینا ہوگا۔ ”تجربہ کاروں“ کی نالائقیاں ملک کی معیشت کو تباہی کے دہانے پر لے آئی ہیں۔
پنجاب اسمبلی کے 17 جولائی کو ہونیوالے ضمنی الیکشن کے حوالے سے انکا کہنا تھا سیاسی وفاداریاں بدلنے والوں کو شکست فاش ہوگی، پی ٹی آئی ضمنی انتخابات میں بھاری اکثریت سے جیتے گی،شریفوں کے اس قوم کو غلام بنانے کے خواب ضمنی انتخابات میں چکنا چور ہوجائیں گے۔ شریف برادران ہمیشہ انتخابات میں دھونس، دھاندلی اور حکومتی مشینری کو مخالفین کے خلاف استعمال کر کے جیتتے رہے ہیں۔ پی ٹی آئی کے ورکرز اور امیدواروں کو اپنے ووٹ پر پہرہ دینا ہوگا۔سپریم کورٹ پنجاب حکومت کی جانب سے ضمنی انتخابات والے حلقوں میں ترقیاتی کاموں اور ضابطہ اخلاق کی کھلم کھلا خلاف ورزی کا نوٹس لے۔
چوہدری پرویز الٰہی نے کہاشریف برادران نے کبھی عدالتوں کے فیصلوں کا احترام نہیں کیا،شجاعت حسین سے احترام اور محبت کا جو تعلق ہے انشاء اللہ مرتے دم تک قائم رہے گا۔
