چوہدری شوگر ملز کیس: نیب نے مریم نواز کو دوبارہ طلب کر لیا

قومی احتساب بیورو(نیب) نے چوہدری شوگر ملز کے کیس میں مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر مریم نواز کو تحقیقات کے لیے 26 مارچ کو نیب دفتر طلب کر لیا ہے۔
نیب حکام کے مطابق نیب کو چوہدری شوگر ملز کیس میں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کے حوالے سے نیب لاہور کو نئے شواہد موصول ہوئے ہیں جس کی روشنی میں نیب کی تفتیشی ٹیم کو مریم نواز سے تحقیقات کرنی ہیں، اس سلسلے میں نیب نے مریم نواز کو 26 مارچ کو پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔
نیب کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 22 جنوری 2020 کو آپ کی جانب جمع کرایا جواب مبہم، غیرواضح اور ناقابل اطمینان تھا جبکہ 31 جولائی 2019 کو نیب لاہور میں حاضری اور ریمانڈ کے دوران بھی آپ نے تسلی بخژ جواب نہیں دیے تھے۔
نیب نے مریم نواز سے کہا ہے کہ وہ چوہدری شوگر ملز میں 86 لاکھ 40ہزار روپے کی سرمایہ کاری کی رقم کے ذرائع کی تفصیلات بتائیں جبکہ 2008 میں غیرملکیوں سے ان کے نام منتقل کیے گئے چوہدری شوگر ملز کے ایک کروڑ 15 لاکھ 27ہزار روپے کے شیئر کی خریداری کا معاہدہ یا ٹرانسفر ڈیڈ دکھائیں۔
قومی احتساب بیورو نے مسلم لیگ کی رہنما سے مزید کہا ہے کہ اس کے ساتھ ساتھ وہ ان شیئرز کی خریداری کے لیے حاصل کی گئی رقم کے ذرائع بھی بتائیں۔اس کے علاوہ چوہدری شوگر ملز کے لیے 2010 میں لیے گئے 4 کروڑ 23 لاکھ 4ہزار 310 روپے کے قرض کے فنڈز کے ذرائع اور تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں۔نیب نے 2011 میں چوہدری شوگر ملز کے اکاؤنٹ سے ان کے ذاتی اکاؤنٹ میں منتقل کیے گئے 7کروڑ روپے کی تفصیلات طلب کر لی ہیں۔
مریم نواز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 26 مارچ 2021 کو لاہور کے نیب کمپلیکس میں مشترکہ تفتیشی ٹیم کے سامنے پیش ہوں اور ایسا نہ کرنے کی صورت میں انہیں قانون کے تحت سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ مرتبہ 11 اگست کو نیب نے مریم نواز کو عدالت طلب کیا تھا لیکن نیب دفتر کے باہر پولیس اور سلم لیگ(ن) کے کارکنان کی جھڑپ کے باعث یہ پیشی ہنگامہ آرائی کی نظر ہو گئی تھی۔
دو روز قبل مریم نواز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ نیب کی لاہور ہائی کورٹ میں میرے خلاف درخواست مضحکہ خیز ہے کیونکہ نیب نے اپنی آئینی اور قانونی ذمہ داری سے ہٹ کر دوسری ذمہ داریاں خود اپنے آپ کو سونپ دیں۔قومی احتساب بیورو نے قومی احتساب بیورنے مریم نواز کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ لیگی رہنما اپنے خلاف تحقیقات سے توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہی ہیں۔
خیال رہے کہ چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے مریم نواز کی ضمانت منسوخی کی درخواست بھی لاہور ہائی کورٹ میں دائر کررکھی ہے، جس پر مرایم نواز اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری ہوچکے ہیں۔
واضح رہے کہ نیب لاہور نے چوہدری شوگر ملز کیس میں تفتیش کے لیے 11 اگست 2020 کو بھی طلب کیا تھا تاہم اس دوران مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں سے تصادم ہوگیا تھا۔ جس کی وجہ سے مریم نواز تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش نہیں ہو سکی تھیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button