ڈالر انٹر بینک میں مہنگا، اوپن مارکیٹ میں سستا
پاکستان انٹر بینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قدر میں 1.08 روپے کا اضافہ جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں 30 پیسے کی کمی ہوئی ہے۔
کاروباری ہفتے کے پہلے روزانٹربینک مارکیٹ میں کاروبار کے تمام دورانئے کے دوران ڈالر کی قدر میں اضافے کا سلسلہ جاری رہا جس سے ایک موقع پر ڈالر کی قدر 1.08روپے کے اضافے سے 219.51روپے کی سطح پر بھی آئی۔بعد ازاں ڈیمانڈ کم ہونے سے انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 46پیسے کے اضافے سے 218.89روپے کی سطح پر بند ہوئی۔کاروباری دورانیئے میں اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر30پیسے کی کمی کے بعد 225.70روپے کا ہوگیا۔
خیال رہے کہ وزیرخزانہ کے دورہ امریکا اور آئی ایم ایف حکام سے ملاقات میں بظاہر قرض پروگرام سے متعلق ریلیف نہ ملنے اور ذرمبادلہ کے ذخائر تشویشناک سطح پر آنے جیسے عوامل کے باعث پیر کو بھی انٹربینک میں ڈالر کی محدود پرواز جاری رہی جبکہ اسکے برعکس اوپن مارکیٹ میں ڈالر تنزلی سے دوچار رہا۔
کرنسی ماہرین کے مطابق ملک کے لیے مطلوبہ ذرمبادلہ کا بندوبست نہ ہونے سے یومیہ بنیادوں پر درآمدی ادائیگیوں کے دباؤ سے ذرمبادلہ کا بحران بڑھنے سے روپیہ بتدریج کمزور ہوتا جارہا ہے۔حکومت کو یورو بانڈز تجارتی نوعیت کے بیرونی قرضوں اور سود کی مد میں ادائیگیاں ذرمبادلہ کے ذخائر میں کمی کا سامنا ہے۔
