ڈرامہ ’’رضیہ‘‘ کی کامیابی پر ماہرہ خان کی تعریفیں

ڈرامہ سیریل ’’رضیہ‘‘ کی کامیابی پر ہدایت کار محسن علی نے اس کا کریڈٹ اداکارہ ماہرہ خان سمیت دیگر کاسٹ کو دیتے ہوئے ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے، ’’رضیہ‘‘ کو حال ہی میں ایکسپریس ٹی وی پر نشر کیا گیا تھا اور یہ محدود اقساط پر مبنی ڈراما تھا۔ڈرامے میں دکھایا گیا تھا کہ کس طرح سماج میں بیٹیوں کے اوپر بیٹوں کو ترجیح دی جاتی ہے اور کیسے بیٹیوں کو والدین اپنے اوپر بوجھ سمجھنے لگتے ہیں، ڈرامے میں ’رضیہ‘ کا کردار نئی اداکارہ شہیرہ جلیل الباسط نے ادا کیا جبکہ ان کی والدہ کا کردار مومل شیخ اور والد کا روپ محب مرزا نے دھارا تھا۔ڈرامے میں ماہرہ خان نے ایک ایسا کردار ادا کیا تھا جو چوراہوں اور چوکوں پر تھیٹر کی طرح محفل سجا کر لوگوں کو فرسودہ روایات سے متعلق معلومات فراہم کرتی تھیں اور خواتین کے ساتھ کیے جانے والے ناروا سلوک پر آواز اٹھاتی تھیں، ڈرامے کو منفرد کہانی اور کرداروں کی وجہ سے سراہا گیا اور ڈرامے کے اختتام پر ہدایت کار نے بھی کاسٹ کی تمام اداکاراؤں کا شکریہ ادا کیا۔ہدایت کار محسن علی شاہ نے انسٹاگرام اسٹوریز میں ڈرامے کی تمام مرکزی کاسٹ کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے ان کی اداکاری کی تعریفیں کیں اور اپنے ساتھ کام کرنے پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا، ہدایت کار نے ماہرہ خان کی تصویر شیئر کرتے ہوئے اپنے ساتھ کام کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور لکھا کہ وہ جتنی محبت اور عزت کی حقدار ہیں، خدا نے انہیں اتنا ہی درجہ دیا ہے۔ہدایت کار نے ’رضیہ‘ کا روپ دھارنے والی شہیرا جلیل کی تصویر شیئر کرتے ہوئے ان کی بھی تعریفیں کیں اور لکھا کہ انہیں دیکھنے کے بعد 10 سیکنڈ میں ہی انہوں نے فیصلہ کرلیا تھا کہ وہ ہی ان کی رضیہ بنیں گی۔محسن علی شاہ نے مومل شیخ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے انہیں سرکار قرار دیا اور ان کا بھی ڈرامے میں کام کرنے کی وجہ سے شکریہ ادا کیا، ہدایت کار نے لکھا کہ مومل شیخ نے انہیں شاندار انداز میں منفرد طریقے سے کردار ادا کرکے انہیں حیران کردیا۔ڈرامے کے ہدایت کار نے محب مرزا کی تصویر شیئر کرتے ہوئے ڈرامے کا حصہ بننے پر ان کا بھی شکریہ ادا کیا، محسن علی شاہ نے لکھا کہ جب انہوں نے اداکار کو کردار کے لیے فون کیا، وہ پہلے ہی جانتے تھے کہ محب مرزا انکار نہیں کریں گے۔

Back to top button