’’اداکارہ ژالے سرحدی کی ترک پروڈکش ہائوسز پر شدید تنقید‘‘

ترک ڈرامہ سیریل’’ صلاح الدین ایوبی‘‘ کی کاسٹ کے لیے پاکستانی اداکاروں کے ٹرائل لینے اور سلیکشن نہ کرنے پر اداکارہ ژالے سرحدی غصے میں آ گئیں، کسی کا نام لیے بغیر کھری کھری سنا دیں۔’’صلاح الدین ایوبی‘‘ کے ڈرامے کو دسمبر 2021 میں بنانے کا اعلان کیا گیا تھا اور تقریباً تین سال بعد 23 اکتوبر کو اس کا مختصر ٹیزر سامنے آیا، ٹیزر سامنے آنے کے بعد ژالے سرحدی نے ڈرامے کی کاسٹ کے لیے سلیکشن پروسیجر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مبہم انداز میں کسی کا نام لیے بغیر سوال پوچھا کہ پروجیکٹ کے لیے لوگوں کو منتخب کرنے کے بعد ان سے رابطہ کیوں نہیں کیا گیا؟انہوں نے نسٹاگرام سٹوری پر ڈرامے کا ٹیزر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ میں سوچ رہی ہوں کہ اس پروجیکٹ کے لیے آڈیشن کیوں لیے گئے تھے جس میں بہت غور و فکر کے بعد لوگوں کو ’سلیکٹ‘ کیا گیا، تقریب کے دوران یا واٹس گروپ پر لوگوں کو آگاہ کیا گیا کہ آپ پروجیکٹ کے لیے منتخب ہوچکے ہیں، یہاں تک کہ آڈیشن کے بعد انہیں ’گولڈن ٹکٹ‘ بھی دے دیئے گئے تھے لیکن انہیں اس پروجیکٹ میں شامل نہیں کیا گیا۔تاریخی ڈراما سیریز پاکستان اور ترکیہ کے نجی پروڈکشن ہاؤسز کے اشتراک سے بنایا گیا ہے، جس میں اداکار ہمایوں سعید اور عدنان صدیقی پروڈیوسرز میں شامل ہیں جبکہ صلاح الدین ایوبی کا کردار ترک اداکار اغور غنيش (Uğur Güneş) کر رہے ہیں۔ڈرامے کی کاسٹ کے لیے پاکستان اور ترکیہ میں آڈیشن لیے گئے تھے، دسمبر 2021 میں پاکستان میں لیے گئے آڈیشنز میں 6 ہزار اداکاروں نے حصہ لیا تھا، جس میں سے محض چند اداکاروں کو کاسٹ کیا گیا تھا تاہم کچھ روز قبل جب عدنان صدیقی نے ڈرامے کا مختصر ٹیزر جاری کیا تو انہوں نے اس تاثر کو مسترد کردیا تھا کہ وہ ڈرامے میں مرکزی کردار میں دکھائی دیں گے، تاہم بتایا تھا کہ وہ کچھ اقساط میں مختصر کردار ادا کرتے دکھائی دے سکتے ہیں۔اطلاعات کے مطابق ترکیہ میں ڈرامے کو ترک زبان میں نشر کرنے کے بعد اسے پاکستان میں اردو زبان میں پیش کیا جائے گا جب کہ اسے انگریزی اور عربی زبان میں بھی ترجمہ کرکے مختلف اسٹریمنگ ویب سائٹس پر ریلیز کیے جانے کا امکان ہے، صلاح الدین ایوبی کو پاکستان میں کب تک نشر کیا جائے گا اس حوالے سے بھی واضح تصدیق نہیں ہوسکی، عدنان صدیقی کا کہنا تھا کہ ڈرامے کو پہلے ترک ٹی وی چینل ’ٹی آر ٹی ون‘ پر دکھایا جائے گا۔

Back to top button