ڈرامہ سیریل ’’حادثہ‘‘ کے اختتام سے شائقین خوش کیوں ہیں؟

طویل عرصہ تک تنقید کی زد میں رہنے والا ڈرامہ سیریل ’’حادثہ‘‘ نے اپنے اختتام سے شائقین کو خوش کر دیا ہے، ڈرامہ میں ریپ کا شکار ہونے والی خاتون کے ساتھ انصاف ہونے پر شائقین کی بڑی تعداد نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔’حادثہ‘ رواں برس اگست میں جیو ٹی وی سے نشر ہوا تھا اور اس کی ابتدائی 4، 5 اور 6 اقساط میں حدیقہ کیانی کے موٹروے پر اغوا، ریپ اور پھر ہسپتال میں زیر علاج رہنے کے مناظر دکھائے گئے، ڈرامہ میں گینگ ریپ کا نشانہ بننے والی خاتون کا کردار حدیقہ کیانی نے ادا کیا جبکہ ان کے شوہر کا کردار علی خان نے ادا کیا۔ڈرامے کی چوتھی قسط نشر ہونے کے بعد ہی لوگوں نے اس پر تنقید کی تھی اور اس پر پابندی کا مطالبہ کیا تھا، بعد ازاں 30 اگست کو پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے اس پر پابندی بھی عائد کر دی تھی لیکن اس کے خلاف ڈرامے کے ہدایت کار وجاہت رؤف نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔عدالت نے 19 ستمبر کو ڈرامے کو نشر کرنے کی اجازت دے دی تھی، جس کے بعد ڈرامے کو دوبارہ یومیہ بنیادوں پر دکھایا گیا، ڈرامے کی آخری قسط 5 اکتوبر کو نشر کی گئی، جس میں ریپ کا نشانہ بننے والی خاتون کو انصاف ملتا دکھایا گیا۔آخری قسط میں یہ بھی دکھایا گیا کہ خاتون کا ریپ کرنے والا مرکزی ملزم دراصل بچپن میں خاتون کے گھر ملازمت کرتا تھا لیکن انہیں ایک غلطی پر بے عزت کرکے نکالا گیا تھا، جس نے بڑا بننے کے بعد اپنی بے عزتی کا بدلا لیا۔علاوہ ازیں ڈرامے کی آخری قسط میں ریپ کا شکار بننے والی خاتون کو شادی کے 25 سال بعد اہلیہ سے الگ ہونے والے شوہر کو بھی شرمندہ دکھایا گیا جب کہ خاتون کو عدالت کی جانب سے انصاف ملنے کے بعد موٹیویشنل اسپیکر کے طور پر بھی دکھایا گیا۔ڈرامے کی آخری قسط نشر ہونے سے متعلق ہدایت کا وجاہت رؤف نے بھی انسٹاگرام پوسٹ کی، شائقین کی جانب سے بھی ڈرامے کے اختتام کو سراہا گیا اور زیادہ تر صارفین نے یوٹیوب اور سوشل میڈیا پوسٹس پر کمنٹس کرتے ہوئے ہدایت کار، اداکاروں اور لکھاری کی تعریفیں کیں۔

Back to top button