ڈرامہ سیریل ’’میں‘‘ نے اچھی ریٹنگ کیسے سمیٹی؟

اداکارہ عائزہ خان اور وہاج علی کے ڈرامہ سیریل ’’میں‘‘ کی کہانی نے جہاں ناظرین کو اکتاہٹ کا شکار کیا وہیں اچھی ریٹنگ حاصل کرنے میں بھی کامیاب رہا، جس کی بڑی وجہ کاسٹ کی فین فالوونگ کو بتایا جا رہا ہے۔اداکار وہاج علی جو پچھلے برس اپنے دو ڈراموں ’تیرے بن‘ اور ’مجھے پیار ہوا تھا‘ کی وجہ سے شائقین کی اولین پسند بن گئے ہیں، یہی وجہ ہے کہ ان کے اس نئے ڈرامے کا ٹیزر جاری ہوتے ساتھ ہی یہ سب کی توجہ کا مرکز بن گیا۔اس ڈرامے میں شائقین کی دلچپسی اس لیے بھی بہت زیادہ رہی کیونکہ اس میں وہاج کے ساتھ عائزہ خان پہلی بار نظر آنے والی تھیں، ڈرامے کو زنجبیل عاصم نے لکھا جبکہ بدر محمود نے ڈائریکٹ کیا ہے۔ کاسٹ میں عائزہ خان اور وہاج علی کے علاوہ عثمان پیرزادہ، اعجاز اسلم، آغا مصطفیٰ حسن، سبینہ سید و دیگر شامل ہیں۔کہانی مبشرہ جعفر(عائزہ خان) اور زید (وہاج علی) کے گرد گھومتی ہے، دونوں اپنی اناﺅں کے خول میں بند رہنے والی شخصیات ہیں جن کی وجہ سے ان کے ارد گرد کے لوگ اور رشتے مسائل سے دوچار ہوتے ہیں لیکن ان کو اس چیزکی بالکل بھی پرواہ نہیں۔آخری قسط تک ڈرامے کی کہانی دو سین آگے بڑھتی تو دس قدم پیچھے کو چل پڑتی۔وہاج علی اذیکا کو پسند کرتے ہیں۔ ان دونوں کی آن سکرین جوڑی دیکھ کر کوفت ہوئی کیونکہ دونوں کے درمیان کیمسٹری زیرو نظر آتی رہی ہے۔ ان کے جب بھی ایک ساتھ سین آتے تو ایسا لگتا کہ جیسے یہ دونوں ایک دوسرے کے سامنے زبردستی بٹھا دیئے گئے ہیں یا دونوں کو زبردستی ایک دوسرے کے ساتھ بات کرنے کو کہہ دیا گیا ہے۔اذیکا ڈینیل کے چہرے کے تاثرات رومینٹک سینز میں بھی کافی بیزاری والے دکھائی دیئے، یہ کہنا بےجا نہ ہوگا کہ اذیکا ڈینیل کو ایک موقع ملا اور انہوں نے وہ کھو دیا۔ اداکارہ نے نہایت ہی بے جان اور ایکسپریشن لیس اداکاری کی اور دیکھنے والے بالکل بھی محظوظ نہیں ہوئے حالانکہ اذیکا ڈینیل ایک انٹرویو میں کہہ چکی ہیں کہ ان کو منفی کرداروں کے علاوہ کردار آفر نہیں ہوتے لیکن ’میں‘ کی صورت میں آنے والے ایک بڑے کردار کی آفر کے ساتھ وہ انصاف نہیں کر سکیں۔ ڈرامے میں وہاج اور عائزہ کی آپس میں کیمسٹری بھی بہت زیادہ نظر نہیں آئی چونکہ عائزہ خان اور وہاج علی ایک بڑی فین فالوونگ رکھتے ہیں شاید یہی وجہ ہے کہ اکتا دینے والی کہانی کے باوجود ڈرامے کو بہت زیادہ ریٹنگ ملی۔کہانی کو بہتر انداز سے لکھا جا سکتا تھا، زنجبیل عاصم ایک اچھے رائٹر ہیں لیکن ’میں‘ کی کہانی نے بہت سارے مواقعوں پر دیکھنے والوں کو مایوس کیا، مجموعی طور پر ڈرامہ ’میں‘ نے شائقین کو مایوس کیا لیکن عائزہ خان اور وہاج علی کی فین فالوونگ نے ڈرامے کی ریٹنگ کوبہت زیادہ گرنے نہیں دیا اگر یہ کہا جائے کہ ڈرامہ سیریل ’میں‘ کی شہرت کی بنیادی وجہ اس کے مرکزی کردار رہے ہیں تو یہ کہنا بےجا نہ ہوگا، امید ہے کہ عائزہ خان اور وہاج علی اگلی بار ’میں‘ جیسا سکرپٹ آفر ہونے پر ایک مرتبہ سوچیں گے ضرور۔

Back to top button