وزیراعظم شہباز شریف کے ایرانی صدر سے رابطے میں کیا طے پایا؟

وزیراعظم شہباز شریف اور ایران کے صدر مسعود پزشکیان کے درمیان عیدالاضحیٰ کے موقع پر ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں دونوں رہنماؤں نے عید کی مبارکباد کے ساتھ خطے کی موجودہ صورتحال، امن کوششوں اور جاری سفارتی رابطوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم آفس کے مطابق تقریباً تیس منٹ جاری رہنے والی گفتگو میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان، ایران اور پوری مسلم اُمہ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مخلصانہ سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے کردار کو بھی اہم قرار دیا۔ انہوں نے سعودی عرب، قطر اور ترکیہ سمیت برادر اسلامی ممالک کی حمایت اور مثبت کردار کی تعریف بھی کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے حالیہ بحران میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر ایرانی عوام سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک مخلص دوست اور ہمسایہ ملک کی حیثیت سے ہمیشہ ایران کے ساتھ کھڑا رہے گا۔وزیراعظم نے اس امید کا اظہار کیا کہ جاری سفارتی اور امن کوششیں جلد ایک پائیدار معاہدے کی صورت اختیار کریں گی، جس سے خطے میں استحکام، خوشحالی اور باہمی تعاون کو فروغ ملے گا۔
شہباز شریف نے اپنے سوشل میڈیا بیان میں کہا کہ دونوں رہنماؤں نے خطے میں دیرپا امن کے قیام کے لیے قریبی رابطے برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔دوسری جانب ایرانی ایوانِ صدر کی جانب سے جاری بیان میں بھی پاکستان کی سفارتی کوششوں اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کے کردار کو سراہا گیا۔
