کائنات امتیاز نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا

پاکستان کی فاسٹ بولر نے 19 ون ڈے اور 21 ٹی ٹوئنٹی میچز میں قومی ٹیم کی نمائندگی کی، اب ویمن میچ ریفری کے طور پر بھی فرائض انجام دے رہی ہیں

کراچی: پاکستان کی فاسٹ بولر کائنات امتیاز نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق کائنات امتیاز نے 19 ون ڈے اور 21 ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے۔

کائنات امتیاز 2010 اور 2014 میں ایشین گولڈ میڈل جیتنے والی پاکستان ٹیم کا حصہ تھیں۔ انہوں نے اپنا آخری ون ڈے آسٹریلیا کے خلاف جنوری 2023 میں کھیلا تھا۔

کائنات امتیاز نے آخری ٹی ٹوئنٹی میچ تھائی لینڈ کے خلاف اکتوبر 2022 میں کھیلا تھا، وہ کمنٹری کے شعبے سے بھی وابستہ ہوچکی تھیں۔

کائنات امتیاز اب ویمن میچ ریفری کے طور پر بھی فرائض انجام دے رہی ہیں اور انہوں نے حال ہی میں ویمن میچ ریفری کے طور پر اپنے کیریئر کا آغاز کیا ہے۔

کائنات امتیاز کی والدہ بھی امپائرنگ کے شعبے سے وابستہ ہیں۔ سلیمہ امتیاز آئی سی سی انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ پینل میں شامل ہونے والی پاکستان کی پہلی ویمن امپائر ہیں۔

سلیمہ امتیاز اب تک 9 ویمن ون ڈے انٹرنیشنل اور 69 ویمن ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں امپائرنگ کرچکی ہیں۔

Back to top button