کترینہ کو شادی پر سلمان اور رنبیر نے کیا تحائف دئیے؟

حالانکہ انڈیا کی خوبصورت ترین اداکارہ مانی جانے والی کترینہ کیف کی شادی میں ان کے دو سابقہ بوائے فرینڈز سلمان خان اور رنبیر کپور نے شرکت نہیں کی لیکن وہ اپنی پرانی محبت کو شادی کے موقع پر قیمتی تحائف بھجوانا نہیں بھولے۔ معلوم ہوا ہے کہ کترینہ کیف کو اپنے سابقہ بوائے فرینڈز سے شادی پر کروڑوں روپے کی مالیت کے تحائف ملے ہیں۔
بھارتی میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ سلمان خان نے کترینہ کیف اور وکی کوشل کو ان کی شادی پر رینج روور گاڑی بطور تحفہ دی جس کی قیمت 3 کروڑ بھارتی روپے بتائی جا رہی ہے جو پاکستانی روپوں میں پانچ کروڑ سے زائد مالیت کی بن جاتی ہے۔ دوسری جانب اداکار رنبیر کپور نے اپنی سابقہ گرل فرینڈ کترینہ کیف کو تحفے میں ہیروں کا قیمتی ہار دیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اس ہار کی مالیت 2.7 کروڑ بھارتی روپے ہے۔ دونوں اداکاروں نے کترینہ کیف کی شادی میں شرکت نہیں کی لیکن پھر بھی انہوں نے کترینہ کو قیمتی تحائف بھیجے۔
اداکار شاہ رخ خان نے اپنی ذاتی مصروفیات کے باعث کترینہ کی شادی میں شرکت نہیں کی لیکن انہوں نے کترینہ کیف کو شادی کے تحفے میں 15 لاکھ روپے کی ایک پینٹنگ بھیجی۔ اداکار ہریتھک روشن کی بات کی جائے تو انہوں نے وِکی اور کترینہ کو تحفے میں بی ایم ڈبلیو G310 بائیک دی جس کی قیمت 3 لاکھ بھارتی روپے ہے۔ اداکارہ انوشکا شرما اور عالیہ بھٹ نے بھی ساتھی اداکارہ کی شادی کی خوشی میں انہیں قیمتی تحائف دئیے۔ انوشکا شرما نے 8 لاکھ روپے کے ہیرے کے بُندے جبکہ عالیہ بھٹ نے 4 لاکھ روپے کی پرفیوم کی باسکٹ بطور تحفہ بھجوائی۔
